’’ایکسپریس ایجوکیشن ایکسپو‘‘ 18جولائی کو پشاور میں ہوگی

نوجوان کمپیئرز ابراہیم آینگر، قراۃ العین اور فرحاد خان جوہردکھائیں گے

ایونٹ نوجوانوں کی رہنمائی اور صلاحیتوں کے اظہار کا بڑا پلیٹ فارم ہے،کمپیئرز۔ فوٹو : ایکسپریس

''ایکسپریس میڈیا گروپ ''کے زیر اہتمام 2 روزہ ''ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیرئیر ایکسپو''کا آغاز شیراز ارینا پشاور میں18 جولائی کو صبح 9بجے ہوگا۔

ایکسپریس گروپ نے فنکاروں، گلوکاروں اور اداکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ اس ایونٹ میں بھی جاری رکھا ہے۔ پشاور کے نوجوان کمپیئرز ابراہیم آینگر، قراۃ العین اور فرحاد خان اپنی صلاحیتوں کے جوہردکھائیں گے ۔ان کا کہناہے کہ ایکسپریس ایجوکیشن ایکسپونوجوانوں کے لیے روشن مستقبل کے حوالے سے رہنمائی اور صلاحیتوں کے اظہار کا بڑا پلیٹ فارم ہے۔ پشاور میں پہلی بار ہونیوالے اس ایونٹ کے لیے طلباء و طالبات اور نوجوان نسل کے نمائندے بہت پرجوش ہیں اورمختلف مقابلوںکے لیے بھر پور تیاریاں کررہے ہیں۔


پشاور یونیورسٹی کی طالبہ قراۃ العین نے کہاکہ ایکسپریس نے نوجوانوں کا خواب پورا کیا ہے ۔ موسیقی اداکاری اور فنون لطیفہ و دیگر شعبوں کی طرح کمپیئرنگ بھی بہت اہم شعبہ ہے ۔ انور مقصود ،معین اختر ،فاروق قیصر،ضیاء محی الدین جیسے کمپیئرز کی وڈیوز رہنمائی کافریضہ انجام دیتی ہیں ۔ نوجوان نسل کو اس شعبے کی طرف بھر پور توجہ کرنی چاہیے۔

فرہاد خان نے کہا کہ وہ ایکسپریس کے لیے اسلام آباد میں بھی کمیئرنگ کرچکے ہیں۔ پشاور ان کا اپنا شہر ہے اور وہ اس ایونٹ کے لیے خصوصی تیاری کررہے ہیں۔
Load Next Story