ویمنز ورلڈکپ ہار گرین شرٹس کے گلے کا ہار بن گئی

ساتویں میچ میں بھی فتح کی حسرت ہی رہی، سری لنکا نے 15رنز سے قابو کر لیا، نین عابدی کی ففٹی ٹیم کے کام نہ آئی

بھارت نے کیویز کو ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، متھالی کی سنچری، انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا نے پروٹیز کو زیر کیا۔ فوٹو: آئی ڈی آئی

ویمنز ورلڈکپ میں ہار گرین شرٹس کے گلے کا ہار بن گئی، ساتویں میچ میں بھی فتح کی حسرت ہی رہی اورسری لنکا نے 15رنز سے قابو کر لیا۔

آخری لیگ میچ میں پاکستان نے پہلی وکٹ 15پر گنوا دی،ناہیدہ خان(10) کو چندیما گونارتنے نے بولڈ کیا، پیسر نے بعد میں عائشہ ظفر( 8) کو چماری جیانگانی کا کیچ بنوا دیا،جویریہ خان 24 کے انفرادی اسکور پر رن آئوٹ ہوئیں، بعدازاں نین عابدی نے پُراعتماد بیٹنگ جاری رکھی،اس دوران چماری جیانگانی نے ارم جاوید (15) کو میدان بدر کرنے کیلیے ایما کنچانا کا سہارا لیا جس کے بعد نین عابدی(57)بھی رن آئوٹ ہوگئیں،ثنا میر (14) کو چندیما گونارتنے نے ایل بی ڈبلیو کیا،کائنات امتیاز (11)کو ایما کنچانا نے پرسادانی کی مدد سے چلتا کیا، چندیما گونارتنے نے اپنی ہی گیند پر کیچ تھام کر سدرا نواز(5) کی اننگزکا قصہ تمام کیا، اسماویہ اقبال نے مشکل وقت میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح کی امید دلائی۔

فتح کیلیے 18رنز درکار تھے کہ ایما کنچانا نے ڈیانا بیگ (12) کو چماری جیانگانی کا کیچ بنوا دیا،انوکا راناویرا نے سعدیہ یوسف کو کھاتہ کھولنے سے قبل ہی بولڈ کرکے پاکستان کی بساط 206 رنز پر لپیٹ دی،اسماویہ اقبال38پر ناٹ آؤٹ رہیں، چندیما گونا رتنے4اورایما کنچانا 2وکٹیں لے اڑیں۔

اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو نیپونی ہنسیکا(1)ڈیانا بیگ کی گیند پر بولڈ ہوگئیں،پیسر نے ہسینی پریرا(13)کو بھی وکٹ کیپر سدرا نواز کا کیچ بنوا دیا،چماری جیانگانی کی مزاحمت 27 رنز پر کائنات امتیاز اور ثنا میر کے گٹھ جوڑ نے ختم کی،ششی کالا سری وردنے(17)کو سعدیہ یوسف نے اسماویہ اقبال،پرسادانی ویرا کوڈی(5) کو ثنا میر نے ارم جاوید کی مدد سے چلتا کیا، صرف 98رنز پر 5وکٹیں گرنے کے بعد ایشانی کوشلیا نے ٹیم کو 28رنز کا سہارا دیا،وہ اسماویہ اقبال کی گیند پر ثنا میر کا کیچ بنیں، دلانی سورنگیکا 84رنز بناکر ڈیانا بیگ اور سدرا نواز کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئیں۔ سری لنکا نے 7وکٹ پر 221رنز بنائے۔


دریں اثنا بھارت نے آخری لیگ میچ میں نیوزی لینڈ کو 186 رنز سے شکست دیتے ہوئے 10پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے کپتان متھالی راج کے 109رنزکی بدولت 265 رنز بنائے، کیوی ٹیم صرف 79 رنز پر ڈھیر ہو گئی، راجیشوری گیاکواد نے 5 وکٹیں اڑائیں۔

ادھر انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 92 رنز سے مات دے کر 12 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر پہلی پوزیشن برقرار رکھی، میزبان ٹیم نے 7 وکٹ پر 220 رنز بنائے، ناکام ٹیم 9 وکٹ پر 128تک محدود رہی۔ آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو 59 رنز سے ہراکر دوسری پوزیشن قائم رکھی، فاتح ٹیم نے 269 رنز اسکور کیے، لوئس نے 5 وکٹیں لیںٕ، پروٹیز ٹیم 210 رنز بنا سکی۔

پہلے سیمی فائنل میں منگل کو انگلینڈ کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہو گا، دوسرے میچ میں آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں جمعرات کو آمنے سامنے ہونگی۔

 
Load Next Story