شریف مافیا نے انصاف کا راستہ روکا تو کارکنوں کو باہرنکلنے کی کال دوں گاعمران خان

نوازشریف کسی غلط فہمی نہ رہیں اب وہ جدہ نہیں اڈیالہ جیل جائیں گے، چیرمین تحریک انصاف

ملک بمباری سے نہیں بلکہ ادارے تباہ کرنے سے تباہ ہوتا ہے، عمران خان۔ فوٹو : فائل

چیر مین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی نے وہ کام کیا کہ جو ہم کبھی تصور بھی نہیں کرسکتے تھے اور مجھے خود بھی اس کام کی امید نہیں تھی جب کہ شریف مافیا نے انصاف کا راستہ روکا تو کارکنوں کو باہر نکلنے کی کال دوں گا۔



اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ چند دنوں بعد یا تو خوشیاں منانے کے لیے دعوت دوں گا یا پھر انصاف کا راستہ روکنے پر انصاف قائم کرنے کے لیے دعوت دوں گا، کارکنوں کو نظر آرہا ہے کہ تبدیلی آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا مقابلہ پاکستان کے سیاسی مافیا کے خلاف تھا، جے آئی ٹی 60 دنوں میں وہ ثبوت سامنے لائی جس میں کوئی شک نہیں رہا جب کہ پاناما لیکس کیس میں مسلم لیگ(ن) نے عدالت کے سامنے جھوٹ بولا لیکن اب اس کو سازش کہہ رہی ہے۔



عمران خان نے کہا کہ (ن) لیگ اس کو سازش اس لیے کہہ رہی ہے کیونکہ کہ 30 سال سے جو بھی ان پر مقدمہ آیا انہوں نے سنبھال لیا، کسی کو پیسے کھلادیے تو کسی کو ڈرایا اور رشوت دی، انہوں نےججز کو پیسے کھلائے اور سپریم کورٹ پر ڈنڈوں سے حملہ کروایا جب بھی شریف خاندان کے خلاف کچھ بھی ہو یا انہیں انصاف کے نیچے لانے کی کوشش کریں یہ اس کو سازش کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا جو ان کی چوری چھپاتا یا قانون توڑتا ہے تو وہ ٹھیک ہے لیکن جو ان کے خلاف کھڑا ہو وہ سازش ہے تاہم سازش یہ ہے کہ شریف خاندان اپنے ذاتی مفاد کو بچانے کے لیے پاکستان کو تباہ کررہا ہے۔




عمران خان نے کہا کہ ملک بمباری سے نہیں بلکہ ادارے تباہ کرنے سے تباہ ہوتا ہے، یہ ملک کے غدار ہیں، ان سے بڑی غداری کسی نے نہیں کی، یہ پیسے چوری کرکے ملک سے باہر لیکر جارہے ہیں جب کہ جے آئی ٹی نے وہ کام کیا کہ جو ہم کبھی تصور بھی نہیں کرسکتے تھے، اس کام کی مجھے بھی امید نہیں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جواب دینے کے بجائے کہہ رہے ہیں کہ جمہویت کے خلاف سازش ہورہی ہے جب کہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ یہودی اور بھارتی ان کے خلاف سازش کررہے ہیں۔

چیر مین تحریک انصاف نے کہا کہ انہوں نے جے آئی ٹی کے بعد 2 اداروں پر حملہ کرنا ہے، انہوں نے سپریم کورٹ اور فوج پر حملہ کرنا ہے کیونکہ ملک کے دیگر ادارے یہ پہلے ہی تباہ کرچکے ہیں جب کہ جے آئی ٹی اس وجہ سے کامیاب ہوگئی کیونکہ سپریم کورٹ اس کے اوپر تھا۔



عمران خان نے کہا کہ اگر نواز شریف کا خیال ہے کہ وہ صرف اپنی کرپشن بچانے کے لیے سپریم کورٹ اور فوج کو تباہ کریں گے تو نواز شریف کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، میں وعدہ کرتا ہوں کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی اتنی عوام نہیں نکلی جتنی اب انہیں ملک سے نکالنے کے لیے سڑکوں پر نکلے گی۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو پاکستان میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی اور اب یہ جدہ نہیں بلکہ اڈیالا جیل جائیں گے جب کہ اب انہیں نہ نریندر مودی اور ڈونلڈ ٹرمپ سمیت کوئی بھی ملک نہیں بچا سکتا۔

 



اس قبل ٹوئٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت تحریک انصاف سے خوفزدہ ہے اور اسی خوف کے باعث پارٹی فنکشن کو پولیس کے ذریعے رکوایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا فاشزم ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا جب کہ نوازشریف کرپشن چھپانے کے لیے جمہوریت کو بطور ڈھال استعمال کر رہے ہیں
Load Next Story