حکومت طالبان سے بلاتاخیر بامقصد اور نتیجہ خیزمذاکرات کا آغازکرے نواز شریف

جنگ اورطاقت آزمائی کسی مسئلے کا حل نہیں، بارود اور خون کےکھیل سےنفرتیں پھیلتی اور دوریاں پیدا ہوتی ہیں، نواز شریف

مسلم لیگ ن طالبان سے مذاکرات کی حمایت کرتی ہے،نواز شریف فوٹو: فائل

مسلم لیگ(ن) کے صدر نواز شریف نے حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں ضامن بننے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے شاید اس کی ضمانت کوئی بھی نہ دے سکے تاہم وہ مذاکراتی عمل کی حمایت کرتے ہیں۔


لاہور سے جاری اپنے ایک بیان میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ جنگ اورطاقت آزمائی کسی مسئلے کا حل نہیں، بارود اور خون کےکھیل سےنفرتیں پھیلتی اور دوریاں پیدا ہوتی ہیں اور پاکستان اس کی بھاری قیمت اداکررہاہے۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ حکومت طالبان کی پیشکش کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے مذاکرات کے لئے بلاتاخیر بامقصد اور نتیجہ خیزعمل کا آغازکرے کیونکہ ملک کے عوام کو امن کی ضرورت ہے جس کے بغیر ترقی و خوشحالی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ مسائل کو مذاکرات کےذریعے حل کرنے کےعمل کی حمایت کی ہےاور اب بھی طالبان سے مذاکرات کی حمایت کرتی ہے تاہم حکومتی ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے شاید اس کی ضمانت کوئی بھی نہ دے سکے۔
Load Next Story