اسٹاک مارکیٹ تیزی کا تسلسل ٹوٹ گیا 25 پوائنٹس کی کمی

348 میں سے127کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 189 کی قیمتیں گرگئیں۔

348 میں سے127کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 189 کی قیمتیں گرگئیں۔ فوٹو : اے ایف پی / فائل

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ کئی ہفتوں کی تیزی کے بعد سرمایہ کاروں کی جانب سے پرافٹ ٹیکنگ کے باعث گزشتہ روز معمولی مندی دیکھی گئی اور کے ایس ای100انڈیکس 17400 پوائنٹس کی نفسیاتی حد برقرار رکھنے میں ناکام رہا۔

کاروبار کے اختتام تک 100 انڈیکس 25.20 پوائنٹس کمی کے بعد 17383 پوائنٹس پر بند ہوا،انڈیکس میں کمی کے باوجود مارکیٹ سرمائے کے حجم میں 96 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا،تاہم کاروباری حجم میں 2 کروڑ 42 لاکھ سے زائد حصص کی کمی دیکھی گئی،ٹریڈنگ کے اختتام پر مارکیٹ سرمائے کا مجموعی حجم43 کھرب 47 ارب روپے سے زائد رہا جبکہ کاروباری حجم 31 کروڑ 14 لاکھ سے زائد حصص پر مشتمل رہا۔




مجموعی طور پر348 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جس میں سے127کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 189کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور 32کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا، مارکیٹ ذرائع کے مطابق مسلسل تیزی کے بعد گزشتہ روز مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی جانب سے پرافٹ ٹیکنگ دیکھی گئی تاہم انڈیکس میں ہونیوالی کمی معمولی ہے جبکہ سرمایہ کار مانیٹری پالیسی کے اعلان سے ایک روز قبل محتاط بھی نظر آئے،ٹیلی کام،آئل اینڈ گیس اور سیمنٹ سیکٹر میں گزشتہ روز بھی تیز ی دیکھی گئی اور ان سیکٹرز میں حصص کی خریداری عروج پر رہی۔

یونی لیور پاک اور نیسلے پاکستان کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا جہاں یونی لیور پاک کے حصص کی قیمت 468.75 روپے اضافے سے 10543.75 اور نیسلے پاکستان کے حصص کی قیمت 204 روپے اضافے سے 4905 روپے رہی جبکہ انڈس ڈائنگ کے حصص کی قیمت 25.63 روپے کمی سے542 اور سفائر ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت 11.25 روپے کمی سے 213.75 روپے ریکارڈ کی گئی، کے ایس ای 30 انڈیکس 33 پوائنٹس کمی سے 14198 اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 6 پوائنٹس اضافے سے 12270 پوائنٹس پر بند ہوئے۔

Recommended Stories

Load Next Story