کشمیریوں نے یوم الحاق پاکستان منایابھارتی فوج نے شوپیاں میں2 نئے کیمپ قائم کردیے

لاہور میں ریلی، کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق تک تحریک جاری رکھنے کا عزم

3 نوجوانوں کی شہادت پر اسلام آباد ضلع میں ہڑتال، داعش، القاعدہ کا کشمیر میں کردار نہیں، علی گیلانی، بھارت اور پاکستان کنٹرول لائن پر فوجی مہم سے گریز کریں، میرواعظ فوٹو: نیٹ

کشمیریوں نے یوم الحاق پاکستان اس عزم کے ساتھ منایا کہ کشمیر کی مکمل آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق تک آزادی کی تحریک جاری رہے گی۔

گزشتہ روز لاہور میں بھی یوتھ فورم فار کشمیر کے زیر اہتمام 19جولائی یوم الحاق پاکستان کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلیے ایک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت چیف آرگنائزر طارق احسان غوری نے کی، ریلی میں یوتھ فورم فار کشمیر کے سیکڑوں کارکنوں نے شرکت کی ، ریلی کا آغاز ایوان اقبال سے ہوا چیئرنگ کراس پنجاب اسمبلی جا کر اختتام پذیر ہوئی ۔

اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے طارق احسان غوری نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر ایک جاں دو قالب ہیں ، کشمیری عوام نے 19جولائی 1947کو سردار محمد ابراہیم کی قیادت میں پاکستان سے الحاق کا دو ٹوک اعلان کیا بھارت کے غاصبانہ قبضہ اور بد ترین ظلم و جبر کے باوجود کشمیری عوام آج بھی پاکستانی پرچم اٹھا کر'' کشمیر بنے گا پاکستان'' کے نعرے لگا رہی ہے، قائد اعظم ؒ کے فرمان '' کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے '' تکمیل پاکستان کا خواب ضرور پورا ہوگا ۔طارق احسا ن غوری نے کہاکہ اقوام متحدہ اور عالمی ادارے مظلوم کشمیریوں کی آواز سنیں اور ان کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کیلئے حق خود ارادیت دیا جائے۔


یوم الحاق پاکستان ہر سال 19جولائی کو سرینگر میں آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے سابق صدر آزاد کشمیر سردار محمد ابراہیم خان کے گھر 1947ء میں منظور کی گئی تھی جب پاکستان بھی معرض وجود میں نہیں آیا تھا۔ بدھ کو یوم الحاق پاکستان کے موقع پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے نمائندوں سے ملاقات کی جس میں کشمیریوںکی جدوجہد کی سیاسی ، سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ راولپنڈی میں یوتھ فار کشمیر کے زیر اہتمام سیمینار منعقد کیا گیا اس موقع پر میڈیا پر حریت رہنمائوں کے انٹرویوز نشر کیے گئے ۔ میر پور میں بھی الحاق پاکستان کے حوالے سے سیمینار منعقد کیاگیا ۔ مسلم کانفرنس کے زیراہتمام سردار محمد عبدالقیوم کے مزار سے الحاق پاکستان ریلی نکالی گئی جو مظفر آباد میں اختتام پذیر ہوئی جس سے سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان اور دیگر نے خطاب کیا۔ واضح رہے کہ مسلم کانفرنس نے ہفتہ الحاق پاکستان کے سلسلہ میں پورے آزاد کشمیر میں تقریبات منعقد کیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں نے اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے۔

سیمینار کا انعقاد '' یوم قرار داد الحاق پاکستان '' کے سلسلے میں کیا گیا تھا۔ 1947ء میں آج ہی کے روز کشمیریوں نے آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے پیلٹ فارم سے سرینگر میں ایک قرار داد پاس کی تھی جس میں تقسیم برصغیر کے فارمولے کے مطابق جموں وکشمیر کو پاکستان میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں میں 2 نئے کیمپ قائم کر دیے ہیں جس کی وجہ سے علاقے کے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے، ان میں سے ایک کیمپ علاقہ دوبی پورہ میں، دوسرا کھیل کے میدان میں قائم کیا گیا جبکہ فوج کی 62راشٹریہ رائفلز نے ضلع کے گائوں ناگی شیرین میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی عمارت میں اپنا کیمپ قائم کر لیا ہے۔ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نوگام اور آرونی میں 3 نوجوانوں اور ایک معمر شہری کی شہادت پر ضلع اسلام آباد میں مکمل ہڑتال کی گئی، بھارتی فوجیوںاورپولیس اہلکاروںنے نوگام میں ایک گاڑی پر فائرنگ کر کے مظفر حجام ، شوکت لوہار اور ناصر احمد کو شہید کردیا تھا،60 سالہ معمر شخص محمد عبداللہ گنائی آرونی میں بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے تھے اور وہ گزشتہ شب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

بھارتی مظالم کیخلاف ضلع اسلام آباد کے آرونی ، بیج بہاڑہ ، کوکر ناگ اور دیگر علاقوں میں دکانیں اور تمام تجارتی مراکزبند رہے اور سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی، موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہی ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے علاقے دیالگام میں اجتماع سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کی آمرانہ سوچ اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے مقبوضہ علاقے میں تباہی اور خونریزی ہو رہی ہے، انھوں نے کہا ''دولت اسلامیہ (داعش) '' اور ''القاعدہ '' کا کشمیر میںکردار نہیں ہے، تنازع کشمیر کا پر امن حل کشمیریوں کا اہم ترین مقصد ہے۔ حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے ایک بیان میں بھارت اور پاکستان پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر کسی بھی فوجی مہم جوئی سے گریز کریں، انھوںنے دونوں ملکوں سے کہا کہ وہ 70 برس پرانے تنازعہ کشمیر کے حل کی طرف توجہ دیکر خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا خاتمہ کریں۔
Load Next Story