قومی انڈر21 ہاکی چیمپئن شپ واپڈا نے جیت لی

فائنل میں نیشنل بینک کو 2 گول سے شکست، سوئی سدرن گیس کی تیسری پوزیشن۔

فائنل میں نیشنل بینک کو 2 گول سے شکست، سوئی سدرن گیس کی تیسری پوزیشن۔ فوٹو : فائل

32 ویں قومی جونیئر انڈر 21 ہاکی چیمپئن شپ واپڈا نے جیت لی، فائنل میں نیشنل بینک کو2 گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، سوئی سدرن گیس کمپنی نے پی آئی اے کو مات دے کر تیسری پوزیشن پر قبضہ کیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق فیصل آباد اسٹیڈیم میں فیصلہ کن معرکے میں واپڈا نے نیشنل بینک کو مکمل طور پر آئوٹ کلاس کر دیا،فاتح ٹیم نے میچ کے 12 ویں منٹ میں اسد بشیر کے گول کی بدولت برتری حاصل کی جو وقفے تک برقرار رہی، دوسرے ہاف کے آغاز سے نیشنل بینک کی ٹیم نے مقابلہ برابر کرنے کیلیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا، حریف کے گول پوسٹ پر کئی حملے بھی کیے مگر کوئی کامیابی نہ حاصل ہوسکی۔




واپڈا کے محمد عمیر نے63 ویں منٹ میں گول داغ کر اپنی ٹیم کی برتری2-0کردی، بقیہ وقت میں کوئی گول نہ بنا، قبل ازیں تیسری پوزیشن کے مقابلے میں سوئی سدرن گیس نے پی آئی اے کو سخت مقابلے کے بعد3-2 سے ہرایا، میچ کے نویں منٹ میں سوئی گیس نے ارسلان شیرازی کے گول کی بدولت برتری حاصل کی،20 ویں منٹ میں رضوان علی کے گول نے مقابلہ برابر کردیا۔

37 ویں میں منٹ میں پی آئی اے کی جانب سے نوہیز ملک نے گول کیا تو سوئی گیس کے سہیل نے ایک منٹ بعد ہی گیند جال میں پہنچا کر اسکور2-2 کردیا، اختتام سے ایک منٹ قبل محمد آصف نے سوئی گیس کی جانب سے فیصلہ کن گول داغ اپنی ٹیم کو اعصاب شکن مقابلے میں سرخرو کرایا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان ایتھلیٹک فیڈریشن کے صدر میجر جنرل(ر) اکرم ساہی تھے، اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل آصف باجوہ، اولمپیئن رانا مجاہد، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر محمد فاروق، اولمپیئن انجم سعید، دانش کلیم ، محمد عثمان، شفقت ملک اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
Load Next Story