بھارت میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے 28 افراد ہلاک

بس میں 40 افراد سوار تھے جن میں سے 7 زخمی بھی ہوئے

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بس کا ٹائر پھٹنے کی وجہ سے حادثہ رونما ہوا۔ فوٹو: فائل

بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں مسافر بس گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 28 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق واقعہ ہماچل پردیش کے مشہور سیاحتی مقام شملہ سے 100 کلو میٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔ بس میں مجموعی طور پر 40 افراد سوار تھے جو ضلع کنور سے سولان کی جانب جا رہے تھے۔ مقامی پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں اور ان کی شناخت کا عمل بھی مکمل ہو چکا ہے۔


یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں ہندو یاتریوں کی بس کھائی میں گرنے سے 16 افراد ہلاک

ہلاک ہونے والوں میں 19 مرد اور 9 خواتین ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بس کا ٹائر پھٹنے کی وجہ سے حادثہ رونما ہوا تاہم واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی مقبوضہ کشمیر میں ہندو یاتریوں کی ایک بس کھائی میں جاگری تھی جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ بھارت دنیا کے ان ممالک میں سے ایک ہے جہاں ٹریفک حادثات میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوتی ہیں۔ خراب سڑکوں، ناقص گاڑیوں اور ڈرائیونگ کے دوران لاپرواہی کی وجہ سے اوسطاً سال میں ڈیڑھ لاکھ ہلاکتیں ہوتی ہیں۔
Load Next Story