ہال آف فیم ٹینس پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق کی فائنل میں رسائی 

ٹرافی کیلیےاب اعصام الحق اوران کے پارٹنر راجیو رام کا سامنا آسٹریلوی جوڑی میٹ ریڈاورجون پیٹرک اسمتھ سےہوگا

اعصام الحق اور راجیو رام کی جوڑی کو ایونٹ میں ٹاپ سیڈ قرار دیا گیا۔ فوٹو : فائل

ہال آف فیم ٹینس ٹورنامنٹ میں پاکستانی اسٹار اعصام الحق اور ان کے پارٹنر راجیو رام نے ڈبلز فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔


ایونٹ میں ٹاپ سیڈنگ پانیوالی اعصام الحق اور راجیو رام کی جوڑی نے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے سام گروتھ اور بھارتی حریف لینڈرپیس کا قصہ تمام کردیا، میچ کا فیصلہ 3 سیٹ کے بھرپور مقابلے میں ہوا، اعصام اور ان کے امریکی پارٹنر راجیو رام کو ابتدائی سیٹ میں 6-4 سے شکست کا سامنا رہا لیکن ٹاپ سیڈ جوڑی نے اس ناکامی کو اپنے لیے عمدہ کھیل پیش کرنے کا محرک بنالیا۔

دوسرے سیٹ میں دونوں جوڑیوں کے درمیان ایک ایک پوائنٹ کیلیے کانٹے دار مقابلہ ہوا، جس میں فیصلہ ٹائی بریکر پر اعصام اور راجیو کے نام رہا، انہوں نے یہ دوسرا سیٹ 6-7 (8/6) سے جیت کر بازی برابر کردی، تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں 9-11 سے ملنے والی فتح نے اعصام اور ان کے پارٹنر کو فائنل میں پہنچادیا، ٹرافی کیلیے اب ان کا سامنا آسٹریلوی جوڑی میٹ ریڈ اور جون پیٹرک اسمتھ سے ہوگا۔
Load Next Story