ٹنڈو محمد خان تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ

آئندہ ہفتے شہر بھر میں قائم تمام تجاوزات بلا تفریق مسمار کر دی جائیں گی، نگرانی کیلیے تاجروں کی مشاورت سے کمیٹی قائم

ڈی سی محمد آصف میمن کا کہنا تھا کہ تجاوزات نے شہر کا حسن تباہ کر دیا، گاڑیاں چلنا تو درکنارپیدل چلنے والوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ فوٹو: فائل

ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان محمد آصف میمن کی زیر صدارت اجلاس ڈسٹرکٹ ہال میں ہوا جس میں تاجر برادری کے رہنمائوں حاجی محمد اسماعیل میمن اور حاجی شبیر میمن کی مشاورت سے شہر میں تجاوزات کے خاتمے کی منصوبہ بندی کی گئی۔

اجلاس میں آئندہ ہفتے جمعرات کے روز سے تجاوزات کے خاتمے کیلیے آپریشن شروع کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں ابتدائی طور پر شہر کی مین سڑکوں، داخلی و خارجی راستوں اور تفریحی مقام میر غلام علی پارک کے اطراف قائم تجاوزات کو مسمار کیا جائے گا، جس کیلیے اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈو محمد خان غلام قادر جونیجو کی سربراہی میںتعلقہ میونسل ایڈمنسٹریٹر سید عابد شاہ، اسسٹنٹ انجینئر ہائی وے امیر اعظم، تاجران فیڈریشن کے صدر حاجی محمد اسماعیل میمن، انجمن تاجران کے صدر حاجی شبیر میمن پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی جو تجاوزات کیخلاف آپریشن کی نگرانی کریگی۔




اس موقع پر ڈی سی محمد آصف میمن کا کہنا تھا کہ تجاوزات نے شہر کا حسن تباہ کر دیا، گاڑیاں چلنا تو درکنارپیدل چلنے والوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انھوں نے تعلقہ میونسپل ایڈمنسٹریشن کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے کی آگاہی مہم شروع کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن بلا تفریق ہوگااور کسی کیساتھ نا انصافی نہیں ہو گی۔ انھوں نے محکمہ ہائی وے کو ہدایت کہ وہ ہائی وے کی حدود کا تعین کریں جبکہ مین شاہراہوں پر قائم اسپیڈ بریکرز پر ریفلیکٹرز لگائے جائیں۔

انھوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ تجاوزات کے خاتمے کی مہم میں مقامی انتظامیہ سے تعاون کریں۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر حاجی امین لاکھو، وزیر دفاع اور حلقے کے ایم این اے سید نوید قمر کے نمائندے سید اعجاز نبی شاہ اور ضلعی افسران نے شرکت کی۔
Load Next Story