لاہور میں پیپلز پارٹی کی گو نواز گو ریلی میں وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ

شریف خاندان قانون کے شکنجے میں پھنس چکا ہے اور قوم کی لوٹی ہوئی دولت کا حساب دینا پڑے گا، رہنما پیپلز پارٹی

بلاول بھٹو زرداری ہی اس ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں، رہنما پیپلز پارٹی۔ فوٹو: ایکسپریس

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے گو نواز گو ریلی نکالی گئی جس میں وزیراعظم نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کیا گیا۔

لاہور میں پیپلز پارٹی کی جانب سے گو نواز گو ریلی نکالی گئی جو پریس کلب سے شروع ہو کر ایوان اقبال پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی کے شرکاء نے حکومت مخالف بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر گو نواز گو، نوازشریف استعفی دو کے نعرے درج تھے۔ ریلی کی قیادت پاکستان پیپلز پارٹی لاہور صدر عزیز الرحمن چن، سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور اور ثمینہ خالد گھرکی سمیت دیگر قائدین نے کی جس میں جیالوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔



اس موقع پر خطاب کرتے لاہور کے صدر عزیزالرحمن چن نے کہا ہے کہ ملک و قوم کو شریف خاندان سے چھٹکارا دلانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور پیپلز پارٹی عوام کے مفادات کا ہر حال میں تحفظ کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی عظیم الشان ریلی نے مخالفین کے ایوانوں میں لرزہ طاری کر دیا ہے جبکہ (ن) لیگی حکمران پیپلزپارٹی کے بینرز اُتار کر احتساب سے بچ نہیں سکتے۔


اس خبر کو بھی پڑھیں: وزیراعظم کا استعفا پوری قوم کا مطالبہ ہے، خورشید شاہ

عزیر الرحمان چن نے مزید کہا کہ پوری قوم پانامہ لیکس کا منطقی انجام چاہتی ہے جب کہ نواز شریف اخلاقی طور پر وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہنے کا حق کھو چکے ہیں اس لئے فوراً مستعفی ہو جائیں تاکہ جمہوریت کو کسی قسم کو نقصان نہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت صرف ایسے منصوبے بناتی ہے جن میں کمیشن اور تشہیر کا وافرسامان ہو، قومی دولت ناقص منصوبوں میں ضائع کرنا بھی کرپشن اور بے ایمانی ہے، پیپلز پارٹی کے حوصلے بلند ہیں اور بطور اپوزیشن اسمبلی کے اندر اور باہر عوام کے حقوق کیلئے بھرپور آواز بلند کرتے ہوئے عوامی سیاست کو زندہ رکھیں گے۔ پاکستان کا مستقبل جمہوریت میں ہے اور اور بلاول بھٹو زرداری ہی اس ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔



انہوں نے پیپلزپارٹی کے بینرز اُتارنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں سے (ن) لیگ ہمیں قوم کی ترجمانی سے روک نہیں سکتی، شریف خاندان قانون کے شکنجے میں پھنس چکا ہے اور قوم کی لوٹی ہوئی دولت کا حساب دینا پڑے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان چودھری منظور احمد نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کرنے والوں کو آج استعفی دینا پڑے گا، وزیراعظم نواز شریف کو عہدہ چھوڑنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے ریلوے مزدور اپنے مطالبات کیلیے جدوجہد کر رہے ہیں، ریلوے کی افسر شاہی، مزدوروں کے مطالبات میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ اسی افسر شاہی نے ریلوے وزیر کو بھی گمراہ کیا، گرفتار ڈرائیوروں کو فوری رہا کیا جائے اور ریلوے مزدوروں کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں، مزدور دہشتگرد نہیں ہوتے لہذا ان کے خلاف دہشتگردی کے مقدمے واپس لیے جائیں۔
Load Next Story