جنازے اور تابوت نکالنےوالےعدلیہ کاکندھا استعمال کرنا چاہتےہیںرانا ثنااللہ

پاکستان آگے بڑھنے کی پوزیشن میں آتا ہےتو عدم استحکام کی طرف دھکیل دیا جاتا ہے، رانا ثناء اللہ

نوازشریف کوغیرجمہوری طریقےسےہٹایا گیا توملک میں سیاسی عدم استحکام آئیگا،رانا ثناء،فائل فوٹو

وزیر قانون پنجاب راناثنااللہ کا کہناہے کہ جنازے اور تابوت نکالنے والے کچھ لوگ ملک دشمن ایجنڈے کے لیے سپریم کورٹ کا کندھا استعمال کرناچاہتے ہیں۔

فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ نے کہا کہ نوازشریف پر ایک روپے کی کرپشن کا الزام نہیں ہے، پچھلے 36 سالوں سے نواز شریف پر کوئی الزام نہیں لگا، مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے 4 سالوں میں اگر کسی منصوبے میں کرپشن ہوئی ہے تو بتادیں وزیر اعظم نے ہمیشہ ملک سے اندھیرے ختم کرنے کی مخلصانہ کوشش کی ہے اور کررہے ہیں، ہمارے مخالفین یہ بات جانتے ہیں کہ نواز شریف کی مقبولیت کے پیش نظر 2018 میں وزیر اعظم کو شکست نہیں دے سکتے لہٰذا سپریم کورٹ کے کندھے پر بندوق رکھ کر چلانے کی کوشش کررہے ہیں۔

وزیر قانون نے کہا کہ ہمارے اقتدار میں ملک میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہورہے ہیں، وزیر اعظم پاکستان اور پاکستانی عوام سے مخلص ہیں ہم پاکستان کو سیاسی استحکام کی طرف لے کرجائیں گے۔ ایک صوبے کا وزیر اعلیٰ دھرنوں کی آڑ میں اسلام آباد پر چڑھائی کرتا ہے یہ بغاوت نہیں تو اور کیا ہے، ملک اگر سیاسی عدم استحکام کا شکار ہوگا تو اس کا نقصان ملک کے عوام کو ہوگا اور 20 کروڑ عوام اسکا خمیازہ بھگتیں گے۔


رانا ثنا اللہ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف اور ان کے بچوں پر جھوٹے الزامات لگانے والے عمران خان کی باری آئی ہے تو کہتے ہیں میرے پاس ریکارڈ نہیں ہے، میاں شریف جب تک زندہ تھے انہوں نے اپنا کاروبار خود دیکھا، عدالتیں شریف فیملی سے 40 سال پہلے کا حساب کیوں مانگ رہی ہیں؟ کڑی سے کڑی جوڑ کر سوالات پوچھے جارہے ہیں اگر جوابات نہ دئیے جائیں تو صادق اور امین نہیں مانا جاتا، نواز شریف کو عوام نے منتخب کیا ہے وہ سمجھتے ہیں کہ ملک میں کیا ہورہا ہے، 20 کروڑ عوام کو خاموش نہیں رہنا چاہئے کیونکہ اگر ملک عدم استحکام کا شکار ہوا تو اس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑےگا۔

انہوں نے کہا کہ سازشی عناصر کی جانب سے منصوبہ بندی کی جارہی ہے کہ نواز شریف کو غیر عوامی طریقے سے ہٹایا جائے لیکن ملک کے وزیر اعظم کو غیر جمہوری طریقے سے ہٹائے جانے کا نتیجہ بہت ہی بھیانک ہوگا اور ملک میں عدعم استحکام آئے گا، ذوالفقار علی بھٹو کو غیر جمہوری اور غیر عوامی طریقے سے پھانسی دی گئی، پھانسی کے نتائج ہم آج تک بھگت رہے ہیں۔

Load Next Story