امریکا میں برفانی طوفان کئی ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کینیڈا میں 3 افراد ہلاک
امریکا میں شدید برفباری کے باعث کئی ریاستوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا ہے جب کہ کینیڈا میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
امریکا کی شمالی اور وسطی ریاستوں میں شدید برفباری کے باعث ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا ہے، میری لینڈ، اوہائیو، کولمبیا، میساچیوسٹس، نیویارک اور کینٹی کٹ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، 75 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں کی وجہ سے ساڑھے چار ہزار پروازیں معطل ہو چکی ہیں اس کےعلاوہ ٹرین سروس بھی متاثر ہوئی ہے جبکہ تعلیمی ادارے بھی بند کر دئیے گئے ہیں۔
4 لاکھ گھر اور عمارتیں بجلی کی فراہمی سے محروم ہیں، بعض علاقوں میں اب تک تین فٹ تک برف پڑچکی ہے جب کہ ساحلی پٹی کے علاقوں میں سیلاب آنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، نیویارک کے گورنر نےعوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں جب کہ نیویارک میں سڑکوں سے برف صاف کرنے کےلئے 1800 کے قریب مشینری استعمال کی جارہی ہے۔
دوسری جانب کینیڈا میں طوفانی برفباری سے 5سا ل کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے ،اونٹیریو صوبے میں طوفانی برفباری سے 3 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، شدید برف باری کے باعث تمام تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بند کر دیئے گئے ہیں جب کہ 800 سے زائد پروازیں منسوخ کی جاچکی ہیں۔