امید ہے کہ کرکٹ کھیلنے پرلگائی گئی پابندی جلد ختم ہوجائے گی محمد آصف

عالمی عدالت نے پابندی برقرار رکھی تو آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ قانونی ٹیم کے ساتھ مشاورت کے بعد کروں گا،محمد آصف

جلد ہی کرکٹ کے میدان میں پھر واپس آؤں گا،محمد آصف۔ فوٹو : رائٹرز

اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں سزایافتہ پاکستانی فاسٹ بالرمحمد آصف کا کہنا ہے کہ کرکٹ ان کے خون میں شامل ہے اسے نہیں بھول سکتا،جلد ہی وہ کرکٹ کے میدانوں میں واپس آئیں گے۔

سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزان سے ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے محمد آصف نے کہا کہا کہ آئی سی سی نے لندن کی عدالت کے فیصلہ سنانے سے قبل ہی پابندی عائد کرکے اپنا ہی قانون توڑا۔ سوئٹزر لینڈ میں عالمی ثالثی عدالت میں ان کے کیس کی سماعت ختم ہوگئی ہے، عدالت نے تفصیل کے ساتھ ان کے موقف کو سنا ہے، فیصلہ جاری کرنے کے لئے 3 سے 6 ہفتوں کا وقت درکار ہوگا۔


محمدآصف کا کہنا تھا کہ ان کی قانونی ٹیم پر امید ہے اور انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ وہ پریکٹس شروع کریں جلد ہی ان پر پابندی اٹھالی جائے گی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس ساری قانونی جنگ میں ان کا کوئی ساتھ نہیں دیا وہ اپنا کیس خود لڑ رہے ہیں۔ اگر عالمی ثالثی عدالت نے پابندی کو برقرار رکھا تو آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ وہ اپنی قانونی ٹیم کے ساتھ مشاورت کے بعد ہی کریں گے۔

محمد آصف کا کہنا تھا کہ کرکٹ ان کے خون میں ہے وہ اسے بھول نہیں سکتے، جلد ہی کرکٹ کے میدان میں واپس آؤں گا،اپنی فٹنس اور کارکردگی دکھاؤں گا اس کے بعد سلیکٹرز پر منحصر ہے کہ وہ قومی ٹیم کے لئے منتخب کرتے ہیں یا نہیں۔

واضح ہے کہ 2010 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں محمد آصف کو ڈھائی برس قید کی سزا سنائی تھی جبکہ اس سے قبل آئی سی سی نے ان پر کسی بھی قسم کی کرکٹ کھیلنے پر 7 سال کی پابندی عائد کر رکھی ہے۔
Load Next Story