بھارت اور انگلش کرکٹ بورڈز کے درمیان سرد جنگ

ای سی بی نے اپنی ویٹو پاور اختیار کرکے آئر لینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں آئی پی ایل کو قدم جمانے سے روک دیا تھا۔

بی سی سی آئی کی جانب سے کاؤنٹی کرکٹرز کو اپنے ملک میں پریکٹس کی اجازت نہ دینا بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی۔ فوٹو : فائل

بھارت اور انگلینڈ کے کرکٹ بورڈز کے درمیان سرد جنگ جاری ہے۔

بی سی سی آئی کی جانب سے کاؤنٹی کرکٹرز کو اپنے ملک میں پریکٹس کی اجازت نہ دینا بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی،ذرائع نے بتایاکہ بھارتی بورڈ نے ای سی بی کی جانب سے آئی پی ایل ٹیموں کو آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے ساتھ نمائشی میچز کھیلنے کی اجازت نہ دینے کا بدلہ لیا ہے۔ یہ تنازع اس وقت پیدا ہوا جب گذشتہ برس آئی پی ایل کے اختتام پر ہی بی سی سی آئی نے کرکٹ آئرلینڈ اور کرکٹ اسکاٹ لینڈ سے براہ راست رابطہ کرتے ہوئے ان سے پوچھا تھا کہ انھیں آئی پی ایل ٹیموں کے ساتھ نمائشی میچز کھیلنے میں دلچسپی ہے۔


جس پر آئرلینڈ نے ٹیموں کی میزبانی کے حوالے سے فنڈز کے نہ ہونے کا رونا رویا، بھارتی بورڈ کی جانب سے اس پر واضح کیا گیا کہ اسے مالی نقصان نہیں بلکہ فائدہ ہوگا۔ تب انگلینڈ نے ان میچز کی اجازت دینے سے صاف انکار کردیا۔

ان دونوں ممالک کے کرکٹ نشریاتی حقوق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے کنٹرول میں ہیں، اس نے اسی حوالے سے اپنی ویٹو پاور اختیار کرکے آئی پی ایل کو اپنے علاقے میں قدم جمانے سے روک دیا تھا۔ جواب میں بھارتی بورڈ نے 7 انگلش کائونٹیز یارکشائر، ڈرہم، کینٹ، ہیمپشائر، گلیمورگن، گلوسٹرشائر اور ناٹنگھم شائر کے کھلاڑیوں کو ممبئی میں ایک نجی اکیڈمی میں ٹریننگ کے حوالے سے اجازت دینے سے انکار کردیا تھا، انگلش کرکٹ بورڈ کی ہدایت پر ان کائونٹیز نے اپنا ٹریننگ کیمپ بھارت سے سری لنکا منتقل کردیا۔ یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ اپنی لیگ کے مقابلے میں کسی دوسرے ملک کے ایونٹ کو چلنے نہیں دیتا ہے ۔
Load Next Story