کیمپ میں کرکٹرز کو اخلاقیات کا سبق پڑھا دیا گیا

میچ ریفری کاکوڈ آف کنڈکٹ پر لیکچر، آرتھر نے فیلڈنگ میں بہتری کے گُر بتائے

سینئر میچ ریفری انیس شیخ نے کیمپ میں شریک تمام کرکٹرز کو یکجا کرکے کوڈ آف کنڈکٹ پر لیکچر دیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

پی سی بی ہائی پرفارمنس کیمپ میں کرکٹرز کو اخلاقیات کا سبق پڑھا دیا گیا۔

غیر ملکی کوچنگ اسٹاف کی آمد کے بعد پی سی بی ہائی پرفارمنس کیمپ میں شریک کرکٹرز کو دہری رہنمائی میسر آگئی ہے، صبح کے سیشن میں کھلاڑی بھرپور ٹریننگ کرتے ہوئے جسمانی استعداد بہتر بنانے کیلیے کوشاں رہے، ٹرینر گرانٹ لیوڈن نے مسابقتی کرکٹ کیلیے فٹنس کے تقاضوں سے آگاہ کرتے ہوئے مختلف مشقیں کرائیں،انھوں نے کھلاڑیوں کو کیمپ کے سوا بھی اپنے طور بھی کئی ڈرلزکو روزانہ کا معمول بنانے کا مشورہ دیا، فیلڈنگ کوچ اسٹیورکسن نے پلیئرزکو پریکٹس کرانے کے ساتھ مختلف مشورے بھی دیے۔


ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بھی معاونت کرتے ہوئے فیلڈنگ کرتے ہوئے جوش اور مثبت رویے کی اہمیت اجاگر کی،انھوں نے بتایا کہ گیند کی طرف لپکتے ہوئے گھبراہٹ کا شکار ہونے والوں سے غلطیاں ہوتی ہیں،پورے اعتماد اور بہترین جسمانی استعداد کو استعمال کرتے ہوئے کارکردگی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب سینئر میچ ریفری انیس شیخ نے کیمپ میں شریک تمام کرکٹرز کو یکجا کرکے کوڈ آف کنڈکٹ پر لیکچر دیا،انھوں نے بتایا کہ کسی ناپسندیدہ فیصلے پر بھی امپائر کو ایسا اشارہ نہیں دینا چاہیے کہ ڈسپلنری کارروائی کی زد میں آجائیں، اگر حریف کھلاڑی زچ کرنے کی کوشش کرے تب بھی جذبات پر قابو رکھتے ہوئے جواب کارکردگی سے دیں۔ انھوں نے وکٹ حاصل کرنے یا سنچری بنانے پر رویہ مناسب رکھنے،منفی اشاروں سے گریز اور ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں وکپتان سے احترام کا رشتہ روا رکھنے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔

 
Load Next Story