ویمنز ہاکی 2 سلیکٹرز کا ذمہ داری قبول کرنے سے انکار

کھیل کو جلد سدھارنے کیلیے کوشاں پی ایچ ایف عجلت میں فیصلے کرنے لگی

بلامشاورت کمیٹی کا اعلان، میڈیا کے ذریعے انتخاب کا علم ہوا۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

قومی ہاکی کو جلد سدھارنے کیلیے کوشاں پی ایچ ایف عجلت میں فیصلے کرنے لگی، سلیکٹرز سے مشاورت کیے بغیر ہی پاکستان ویمن ہاکی ٹیم کے انتخاب کیلیے نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا گیا۔

پی ایچ ایف نے ہفتے کو پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے قومی ویمن ہاکی ٹیم کے انتخاب کیلیے نئی سلیکشن کمیٹی کے ارکان کے ناموں کا اعلان کیا ہے، پی ایچ ایف ویمن ونگ کی تنزیلہ عامر چیمہ کو سلیکشن کمیٹی کا کوآرڈینیٹر نامزد کرتے ہوئے اولمپئن وسیم فیروز، اولمپئن قاسم خان، اولمپئن ممتاز حیدر اور اولمپئن محمد رشید کو سلیکٹرز نامزد کیا ہے۔


واضح رہے کہ اولمپئن وسیم فیروز اوراولمپئن قاسم خان عالمی کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستا ن ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد تحلیل کی جانے والی قومی سلیکشن کمیٹی کے ارکان تھے، پی ایچ ایف پہلے ہی مذکورہ سلیکشن کمیٹی کے تیسرے رکن اولمپئن فرحت خان کو پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور منیجر کی ذمہ داریاں تفویض کرچکی ہے۔

دوسری طرف پاکستان ویمن ہاکی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے2 ارکان نے اپنی نامزدگی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اس ضمن میں لاعلمی ظاہر کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ علم میں لائے بغیر ہی ان کوسلیکٹربنادیا گیا ہے، دریں اثنا ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی میں نمایاں مقام کے حامل سابق قومی سلیکٹر اولمپئن وسیم فیروز نے پی ایچ ایف کے اس فیصلے پراپنے تحفظات پیش کیے ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ اولمپئن وسیم فیروز نے قدرے برہمی ظاہر کرتے ہوئے اس ذمے داری کو قبول کرنے سے انکارکردیا، ان کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ اولمپکس،عالمی کپ، چیمپئنز ٹرافی، ایشین گیمزاور دیگر انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت کے ساتھ پاکستان کی جانب سے335 ٹیسٹ کھیلنے والے وسیم فیروز کو وسیع ترتجربے کی بنیاد پرخواتین کھلاڑیوں کا انتخاب کرانے کی بجائے قومی ٹیم میں ذمے داری دینے کی ضرورت تھی۔
Load Next Story