ملکی تاریخ میں میٹروبس جیسےعظیم الشان منصوبےکی مثال نہیں ملتی شہباز شریف

ساڑھے 4 سال بعد میٹرو بس کی مجموعی لاگت قوم کو واپس مل جائے گی۔ شہباز شریف

ساڑھے 4 سال بعد میٹرو بس کی مجموعی لاگت قوم کو واپس مل جائے گی۔ شہباز شریف۔ فوٹو ایکسپریس

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہےکہ آج سب کے لئےشانداردن ہے، ملکی تاریخ میں میٹروبس جیسےعظیم الشان منصوبےکی مثال نہیں ملتی۔

میٹروبس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ لاہور میں ایک ایسے منصوبے کا افتتاح ہونے جارہا ہے جو پاکستان کے لئے صحیح معنوں میں ایک سنگیل میل کی حیثیت رکھتا ہے، یہ ملک قائداعظم کی عظیم قربانیوں کے بعد وجود میں آیا، پاکستان میں اچھے اور برے دونوں اقدامات ہوئے ہیں جس سے ملک کی معیشت کی بنیاد بنی، انہوں نے کہا کہ آج پاکستان دو طبقات میں تقسیم ہوگیا ہے ایک طرف ٹوٹی بسیں اور دوسری طرف اشرافیہ کی گاڑیاں ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج میٹرو بس سسٹم پاکستان کی ترقی میں بہت بڑا آغاز ہے، اس بس میں کارخانوں میں کام کرنے والے مزدور، ڈاکٹرز، طلبا، لیڈر، علما اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگ سفر کریں گے، میٹرو بس سسٹم طبقاتی تقسیم کو ختم کرے گا، انہوں نے کہا کہ اس نظام کے تحت ٹریفک کا رش کم ہوگا، تیل، فیول اور وقت کی بچت ہوگی اور پیداواری اہداف بڑھیں گے جبکہ ساڑھے 4 سال بعد میٹرو بس کی مجموعی لاگت قوم کو واپس مل جائے گی۔


شہباز شریف نے کہا کہ یہ وژن میں نے اپنے قائد نواز شریف سے سیکھا جو موٹروے کے معمار ہیں، انہوں نے کہا کہ میں ان لوگوں سے معذرت چاہتا ہوں جن کو اس منصوبے کی وجہ سے تکلیف اٹھانا پڑی، ان کا کہنا تھا کہ میں تمام مزدوروں اور انجینئرز کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے دن رات محنت کر کے اس منصوبے کی تکمیل کی، اس موقع پر شہباز شریف نے ترک نائب وزیراعظم سمیت مختلف سفیر اورنامور سیا سی شخصیات کی موجودگی کا بھی شکریہ ادا کیا۔

وزیراعلی پنجاب نے آخر میں میڑو بس سروس منصوبے پر کام کرنے والے محنت کشوں کو 3 کروڑ روپے دینے کا اعلان کرتے ہوئے ایک شعر بڑھ کر تقریر کا اختتام کیا،

"خوشبوؤں کا ایک نگر آباد ہونا چاہئے، اس نظام زد کو برباد ہونا چاہئے، ان اندھیروں میں بھی منزل تک پہنچ سکتے ہیں ہم ، جگنوؤں کو راستہ تو یاد ہونا چاہئے، خواہشوں کو خوبصورت شکل دینے کے لئے، خواہشوں کی قید سے آزاد ہونا چاہئے، ظلم بچے جن رہا ہے کوچہ و بازار میں، اس کو بھی صاحب اولاد ہونا چاہئے "

Recommended Stories

Load Next Story