پی سی بی آئی سی سی کو سیکیورٹی پر بریفنگ دے گا

پی سی بی کی جانب سےانٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو ملک میں سیکیورٹی کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دیے جانے کا امکان ہے۔

پی سی بی سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کرے گی ،ذرائع۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی کو سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دے گا۔جامع پلان کی تیاری کیلیے آرمی آفیسر کی خدمات حاصل کرلی گئیں، ممبربورڈز کے خدشات دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جلد ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور اس کے ممبربورڈز کو ملک میں سیکیورٹی کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دیے جانے کا امکان ہے، ایک بھارتی خبررساں ادارے نے اپنے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ پی سی بی نے ایک آرمی کرنل کی خدمات حاصل کی ہیں جوکہ انسداد دہشتگردی کے ماہر ہیں وہ اس بارے میں سیکیورٹی پلان تیار کررہے ہیں۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ کرنل اعظم پی سی بی کے ویجیلنس اینڈ سیکیورٹی ونگ کے ساتھ کام کررہے ہیں جوکہ اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ جب تک ایک جامع پلان کے ذریعے آئی سی سی اور اس کے ممبر ممالک کے خدشات دور نہیں کیے جائیں گے اس وقت تک کوئی بھی غیرملکی ٹیم یا کھلاڑی پاکستان کا دورہ نہیں کریں گے، کرنل اعظم کو ٹاسک دیا گیا ہے کہ وہ جامع سیکیورٹی پلان کی تیاری میں ویجیلنس اینڈ سیکیورٹی ونگ کی معاونت کریں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جب پاکستان کرکٹ بورڈ نے حال ہی میںسپر لیگ کے سلسلے میں مختلف بورڈز سے رابطہ کیا تو اسے احساس ہوا کہ ابھی انھیں پاکستان آنے پر راضی کرنے کیلیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، خاص طور پر 2009 میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد بورڈ کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے انھیں آگاہ کرنا ضروری ہے۔ یاد رہے کہ تقریباً تمام ہی بڑے کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی صورتحال کو وجہ بناکر اپنے کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ کھیلنے کیلیے این او سی جاری کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد پی سی بی کو اپنی ٹوئنٹی 20 لیگ غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کرنا پڑگئی تھی۔
Load Next Story