نئی گیند پاکستانی ٹاپ آرڈر کیلیے ڈرائونا خواب بن گئی

وارم اپ میچ میں کیپ کوبراز کے نوآموز اٹیک نے تجربہ کار بیٹسمینوں کے قدم اکھاڑپھینکے.

جنوبی افریقہ میں نئی گیند کے سامنے قومی ٹیم کے ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کے ناکام ہونے کا سلسلہ مزید دراز ہوگیا، فوٹو : فائل

نئی گیند پاکستانی ٹاپ آرڈر کیلیے ڈرائونا خواب بن گئی، وارم اپ میچ میں کیپ کوبراز کے نوآموز اٹیک نے تجربہ کار بیٹسمینوں کے قدم اکھاڑپھینکے۔

ابتدائی تین بیٹسمین صرف 29 پر رخصت ہوئے، پہلے دن کے اختتام پر مہمان سائیڈ نے 4 وکٹوں پر 127 رنز بنائے، ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹرپل سنچری جڑنے والے عمران فرحت 11 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، بطور اوپنر ترقی بھی اظہر علی کی قسمت نہیں بدل پائی، یونس خان کی ناکامیوں کا دور طویل ہوگیا، فیصل اقبال نے 33 رنز بنائے، مصباح الحق 44 اور اسد شفیق 21 پر ناٹ آئوٹ ہیں، اس سے قبل محمد عرفان اور عبدالرحمان نے میزبان الیون کو 156 پر ٹھکانے لگایا، طویل القامت پیسر نے 4 اور اسپنر نے تین وکٹیں لیں۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ میں نئی گیند کے سامنے ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کے ناکام ہونے کا سلسلہ مزید دراز ہوگیا ہے، کیپ کوبراز کے خلاف دوروزہ وارم اپ میچ میں بھی ٹاپ 4 بیٹسمینوں میں سے کوئی بھی وکٹ پر پائوں نہیں جما سکا۔ کپتان مصباح الحق نے نئی گیند کا سامنا کرنے کے لیے ٹاپ آرڈر میں ردوبدل کرتے ہوئے محمد حفیظ اور ناصر جمشید کی جگہ عمران فرحت اور اظہر علی سے اوپننگ کرائی مگر اس کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا، حال ہی میں قائداعظم ٹرافی میں ٹرپل سنچری جڑ کر جنوبی افریقہ پہنچنے والے عمران صرف 11 رنز بنا پائے، برینڈن ینگ کی گیند پر ان کو ایراسمس نے کیچ کیا۔ اظہر علی نے خراب فارم سے پیچھا چھڑانے کے لیے اس بار بھی کریز پر 48 منٹ تک قیام کیا مگر جوہانس بوتھما کی گیند پر بولڈ ہونے سے قبل صرف 11 رنز ہی اپنے نام کے آگے سجا پائے۔




ٹیم میں شامل انتہائی تجربہ کار یونس خان شائد بیٹنگ کرنا ہی بھول گئے ہیں، اس بار انھوں نے دو رنز کو ہی بہت جانا، بوتھما کی گیند ایراسمس کے ہاتھوں میں تھما کر چلتے بنے۔ اس موقع پر پاکستان کا مجموعی اسکور 29 تھا۔ فیصل اقبال نے کچھ مزاحمت دکھائی مگر 33 رنز پر انھیں ماہلومبے نے روری کلینویلڈ کے کزن میتھیو کی مدد سے میدان بدر کردیا۔ جب دن کا اختتام ہوا تو کپتان مصباح 44 اور اسد شفیق 21 رنز پر کھیل رہے تھے چونکہ یہ آفیشل فرسٹ کلاس میچ نہیں ہے اس لیے دونوں جانب سے 13 کھلاڑیوں کو کھلایا جارہا ہے، اس لیے پاکستان کی جانب سے پیر کو حفیظ اور ناصر جمشید کو بیٹنگ پریکٹس کا موقع فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔

اس سے قبل میزبان کیپ کوبراز پہلی اننگز میں 156 رنز پر آئوٹ ہوئی، فاسٹ بولر محمد عرفان نے بہترین بولنگ سے ٹیسٹ ڈیبیو کا کیس مضبوط کیا۔ عمرگل اور جنید خان کو آرام کا موقع دیتے ہوئے پاکستان نے تنویر احمد اور احسان عادل کو بولنگ پریکٹس کا موقع فراہم کیا جبکہ پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے راحت علی نے بھی بولنگ کی، عرفان کو پہلے پریکٹس میچ میں بھی کھلایا گیا تھا تاہم جوہانسبرگ میں وہ پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں پاسکے تھے۔

شارن گومیز کو صرف 2 رنز پر راحت نے وکٹ کیپر سرفراز احمد کا کیچ بنایا تاہم میتھیو کلینویلڈ اور کیگان پیٹرسین کے درمیان 62 رنز کی شراکت توڑنے میں عرفان کامیاب رہے، انھوں نے پیٹرسین کو 32 رنز پر عمران فرحت کی مدد سے پویلین کی راہ دکھائی، برکن اسٹاک (7) کو عبدالرحمان نے آئوٹ کیا، ان کا کیچ بھی عمران نے تھاما ، کلینویلڈ کو 36 رنز پر عرفان نے قابو کیا۔ 93 کے مجموعے پر پانچویں وکٹ گری جب کیننگ (11) تنویر احمد کا شکار بن گئے۔ اینجل بریشٹ (22) کو راحت علی نے اپنی دوسری وکٹ بنایا، کیچ اظہر علی کے ہاتھوں میں محفوظ ہوا۔ جیفتھا (7) اور چیکٹے (18) کو کاٹ بی ہائینڈ کراکے عرفان نے اپنی وکٹوں کی تعداد 4 کی۔ ایراسمس (7) اور ماہلومبے کو عبدالرحمان نے آئوٹ کیا۔ عرفان نے 20 رنز کے عوض 4، عبدالرحمان نے 31 رنز دے کر تین اور راحت علی نے دو وکٹوں کے لیے 27 رنز دیے۔
Load Next Story