بی پی ایل کے عمر رسیدہ کرکٹرچندرپال کا حوصلہ جوان

38سال کا ہونے کے باوجود اب بھی ٹوئنٹی 20 کھیلنے کی صلاحیت موجود ہے، شیو نارائن چندر پال

شیونرائن چندر پال بی پی ایل میں سلہٹ رائلز کی نمائندگی کررہے ہیں۔ فوٹو: فائل

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے عمر رسیدہ کھلاڑی چندرپال کے حوصلے بدستور جوان ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ 38 سال عمر ہونے کے باوجود بھی میں ٹوئنٹی 20 کا بہترین کھلاڑی ہوں


تفصیلات کے مطابق شیونرائن چندر پال بی پی ایل میں سلہٹ رائلز کی نمائندگی کررہے ہیں، گزشتہ سیزن میں وہ کھلنا رائل بنگالز کی طرف سے کھیلے تھے اور انھوں نے دس میچوں میں 123.87 رن ریٹ کے حساب سے 275رنز بنائے تھے۔ اس سیزن میں چندرپال بی پی ایل میں کھیلنے والے عمر رسیدہ کھلاڑی ہیں لیکن وہ اب بھی کوچنگ اسٹاف میں شامل ہونے کی بجائے کھیلنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

سلہٹ رائلز کی اس سیزن میں کامیابیوں کا سہرا کوچ صلاح الدین کو جاتا ہے جنھوں نے ٹیم کو ایک یونٹ کی حیثیت سے جمع کررکھا ہے اور 38سالہ چندرپال کہتے ہیں وہ دخل اندازی کرکے معاملات کو بگاڑنا نہیں چاہتے۔ بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں ایک سنچری اور ایک ڈبل سنچری بنانے والے چندرپال کہتے ہیں کہ کوچ کو اپنا کام کرنا چاہیے اور کھلاڑی اپنا کام کررہے ہیں اور میں ان کی حمایت کررہا ہوں ۔ چندرپال نے ڈھاکہ ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بناکر سر گیری سوبرز کا ویسٹ انڈیز کیلیے سب سے زیادہ (26) سنچریاں بنانے کا ریکارڈ توڑا تھا ۔ چندر پال کا کہنا ہے کہ 38سال کا ہونے کے باوجود ان میں اب بھی ٹوئنٹی 20 کھیلنے کی صلاحیت موجود ہے۔
Load Next Story