مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے صورتحال بگڑرہی ہے صدر آزاد کشمیر

وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر کا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر اچھالا گیا، صدر آزاد کشمیر مسعود خان

وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر کا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر اچھالا گیا، صدر آزاد کشمیر مسعود خان۔ فوٹو: فائل

صدر آزاد کشمیر مسعود خان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق خلاف ورزی ہو رہی ہے جس کے باعث وادی میں صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے جب کہ کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔

اسلام آباد میں برطانوی اور یورپین رکن پارلیمنٹ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں صدر آزاد کشمیر مسعود خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق خلاف ورزی ہو رہی ہے جس کے باعث وادی میں صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے، کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی پرامن جدوجہد اور حق خودارادیت کی کوشش کو کچلنے کے لیے بھارت ہر قسم کا ہتھکنڈہ استعمال کر رہا ہے تاہم کشمیر حق خودارادیت لے کر رہیں گے اور بھارتی افواج بہیمانہ کوشش میں ناکام رہیں گی۔ ان کاکہنا تھا کہ ہندوستانی حکومت نے قابض افواج کو حریت رہنماؤں کی گرفتاری کا حکم دیا، ہندوستانی حکومت کا مقبوضہ کشمیر میں کشمیری قیادت سے بھی کوئی رابطہ نہیں جب کہ ہندوستان نے مذاکرات کے عمل کو یکطرفہ طور پر ختم کردیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : مقبوضہ کشمیر میں مزید 2 نوجوان شہید

صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ برطانوی لیبر پارٹی مسئلہ کشمیر کے لیے بہت فعال ہے، ہماری تجویز ہے کہ برطانیہ سے پارلیمانی وفود مقبوضہ کشمیر جائیں اور صورتحال کا جائزہ لیں جب کہ برطانوی ارکان پارلیمنٹ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے کی کوشش کریں۔


صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر کا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر اچھالا گیا، انہوں نے ایسی کوئی بات نہیں کی تھی جب کہ راجہ فاروق حیدر منتخب وزیراعظم ہیں اور تمام سیاسی قوتوں کو ان کا احترام کرنا چاہیے۔

اس موقع پر برطانوی رکن پارلیمنٹ انڈریو نے کہا کہ کل آزادکشمیر کا دورہ کریں گے، 70 سال سے کشمیر میں لوگوں کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھا گیا تاہم آزادی بنیادی انسانی حقوق کا حصہ ہے جب کہ جہاں بھی نا انصافی ہو میں اس کے خلاف کھڑا ہوتا ہوں۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ کشمیری عوام کو امن اور آزادانہ ماحول میں رہنے کا حق ملنا چاہیے، ہم کوشش کریں گے کہ دیگر ممالک تک بھی کشمیریوں کی آواز پہنچائیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : برطانوی پارلیمنٹ فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجے گی

رکن یورپی پارلیمنٹ واجد خان کاکہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری کشمیریوں پر مظالم پر توجہ نہیں دے رہی، اپنے مستقبل کے بارے میں کشمیری عوام نے خود فیصلہ کرنا ہے، کشمیریوں کے خون کی اتنی ہی اہمیت ہے جتنی برطانیہ میں یا کسی اور ملک کے شہری کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں دیتا تاہم واپس جاکر بھارتی سفیر سے مقبوضہ کشمیر تک رسائی کی درخواست کریں گے۔
Load Next Story