کراچی فائرنگ اور دیگر پرتشدد واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد 12 ہوگئی

جاں بحق افراد میں 3 سماجی کارکن اور ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔

رواں مہینے کراچی میں 80 سے زائد افراد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن چکے ہیں۔ فوٹو : فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اورتشدد کے مختلف واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔


پولیس کے مطابق گلشن معمار کے علاقے احسن آباد میں نامعلوم افراد سماجی تنظیم کے دفتر پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے، واقعے میں 5 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 3 افراد وقاص، عدنان اور شاکر دم توڑ گئے جبکہ 2 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ گلشن اقبال بلاک فور اے میں ایک شخص کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ماڑی پور کے قریب لیاری ندی سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے جسے تشدد کے بعد گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ لیاری جنرل اسپتال کے قریب ہی ایک شخص نامعلوم افراد کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔

سچل کےعلاقے عباس ٹاؤن میں کچراکنڈی سے 2 افراد کی ہاتھ پاؤں بندھی لاشیں ملی، دونوں افراد کو اغوا کے بعد تشدد اورفائرنگ کرکےقتل کیا گیا، قائدآباد کےعلاقے شیرپاؤ کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس کا اے ایس آئی ذوالفقار علی جاں بحق ہوگیا۔ کھارادرکےعلاقے بانٹوا گلی میں بھتہ خوروں نے دکان پرفائرنگ کرکے عمران نامی شخص کو ہلاک جبکہ سیکیورٹی گارڈ کو زخمی کردیا جبکہ نصیرآباد چوکی کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے حضرت عمر نامی شہری کوقتل کردیا۔

Recommended Stories

Load Next Story