انجینئر وقار کی بیرون ملک پذیرائی واٹر فیول کٹ کے عملی مظاہرے کا اہتمام

عالمی سطح پر توانائی کے شعبے میں انقلاب برپا ہوسکتا ہے، سرمایہ کاری کا حصول بھی آسان ہوجائے گا

دعویٰ سچ ہونے کی صورت میں عالمی سطح پر توانائی کے شعبے میں انقلاب برپا ہوسکتا ہے، سرمایہ کاری کا حصول بھی آسان ہوجائے گا۔ فوٹو ایکسپریس

عالمی ایجنسی برائے قابل تجدید توانائی(آئی آر ای این اے) نے پاکستانی انجینئر وقار احمد کی ''واٹر فیول کٹ'' ٹیکنالوجی میں دلچسپی لیتے ہوئے عملی مظاہرے کے اہتمام پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر جمیل احمد خان نے عالمی ایجنسی برائے قابل تجدید توانائی کے ڈائریکٹر جنرل عدنان زیڈ امین سے رابطہ کرکے انھیں پاکستانی انجینئر کے کارنامے سے آگاہ کیا جس پر ایجنسی کے ڈائریکٹر نے واٹر کٹ ٹیکنالوجی کے ڈیمانسٹریشن پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔


پاکستانی انجینئر کی جانب سے پانی سے ہائیڈروجن کشید کرکے بطور ایندھن استعمال کرتے ہوئے کارچلانے کے دعوے کی بازگشت اب ملک کی سرحدوں سے نکل کر بین الاقوامی توجہ حاصل کررہی ہے۔ پاکستانی انجینئرکے دعوے کی تصدیق اور ٹیکنالوجی کی جانچ کے لیے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر نے نہ صرف عالمی ایجنسی برائے قابل تجدید توانائی سے اشتراک کی یقین دہانی حاصل کرلی ہے بلکہ پاکستانی وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے بھی اس ضمن میں تعاون کی اپیل کی ہے۔

پاکستانی انجینئر کا دعویٰ سچ ہونے کی صورت میں عالمی سطح پر توانائی کے شعبے میں انقلاب برپا ہوسکتا ہے۔ عالمی ایجنسی برائے قابل تجدید توانائی کے پلیٹ فارم سے ٹیکنالوجی کی تصدیق سے اس پروجیکٹ کے لیے سرمایہ کاری کا حصول بھی آسان ہوگا۔ اس ضمن میں متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر نے انجینئر وقار احمد کو فون کرکے واٹر فیول کٹ پر کی جانے والی تحقیق اور اس کے کامیاب تجربے پر مبارکباد پیش کی اور انھیں متحدہ عرب امارات آنے کی دعوت دی۔ عملی مظاہرے کے وقت اور مقام کا حتمی تعین ابھی نہیں کیا گیا۔

Recommended Stories

Load Next Story