تاپی گیس پائپ لائن منصوبے میں ایک اور بڑی پیشرفت

روٹ سروے،فزیبلیٹی اورانجینئرنگ کاکام رواں ماہ کے آخرتک مکمل ہو جانے کا امکان

منصوبے کافنانشل کلوز اسی سال مکمل،پھرتعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا،ذرائع۔ فوٹو: فائل

تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کا روٹ سروے، فزیبلٹی اسٹڈی اور انجینئرنگ کاکام رواں ماہ کے آخرتک مکمل ہو جانے کا امکان ہے۔

وزارت پٹرولیم وقدرتی وسائل کے ذرائع کے مطابق تاپی گیس پائپ لائن منصوبے پرتمام متعلقہ فریقوں کی جانب سے کام تیزی سے جاری ہے اور منصوبے کی جامع انجینئرنگ کا کام رواں ماہ کے آخر تک مکمل ہوجانے کا امکان ہے۔


ذرائع کے مطابق منصوبے کا فنانشل کلوز اسی سال مکمل کر دیا جائے گا جس کے بعد پائپ لائن کی تعمیر کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ گیس پائپ لائن کے کمپریسرز کی تنصیب میں زیادہ وقت لگے گا تاہم پائپ لائن کی تعمیر منصوبے کے فنانشل کلوز کے فوراً بعد شروع کر دی جائے گی، منصوبے کے مختلف پہلوؤں کے حوالے سے فریقین کی جانب سے تجاویز کی تیاری کا کام جاری ہے اور ان تجاویز کو تاپی اسٹیئرنگ کمیٹی میں پیش کیا جائے گا جس میں تمام متعلقہ ممالک کے وزرا شرکت کریں گے۔

ذرائع نے بتایاکہ منصوبے کے حوالے سے فریقین کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس رواں ماہ کے آخر یا آئندہ ماہ کے شروع میں ہو گا جس میں فریقین کی جانب سے تیار کی جانے والی تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔ پائپ لائن کی ڈیولپمنٹ کے حوالے سے تمام پہلوؤں پر کام تیزی سے جاری ہے، گیس کی خرید و فروخت کا معاہدہ 2013 میں ہو چکا ہے جس میں ترکمانستان سے درآمد کی جانے والی گیس کی قیمت کا طریقہ کار طے پایا تھا، تاپی منصوبے سے درآمد کی جانے والی گیس برینٹ کروڈ آئل کی نسبت 20 فیصد سستی ہو گی، منصوبے کی تکمیل کے بعد پاکستان اور بھارت کو 1.3ارب مکعب فٹ یومیہ گیس دستیاب ہوگی جبکہ افغانستان کو ا س منصوبے سے 500 ایم ایم سی ایف ڈی گیس ملے گی۔
Load Next Story