آرنلڈ شوارزنیگر کی واپسی

ورزشی جسم آرنلڈ شوارزنیگر کی پہچان رہا ہے تاہم بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ اس کے مشہور زمانہ مسلز بھی ڈھلک گئے ہیں۔

آرنلڈ شوارزنیگر نے گذشتہ برس The Expendables 2 میں مختصر رول ادا کیا تھا فوٹو : فائل

لاہور:
کیلی فورنیا کے گورنر کے طور پر آٹھ برس گزارنے کے بعد ماضی کے اس معروف ایکشن ہیرو نے فلموں سے پھر ناتاجوڑ لیا ہے۔

وہ 2003ء میں ری پبلکن پارٹی کے امیدوار کے طور پر چار برس کے لیے کیلی فورنیا کا گورنر منتخب ہوا تھا۔ 2006ء میں اپنے مخالف امیدوار کو شکست دے کر وہ پھر چال سال کے لیے امریکی ریاست کی گورنری کا حق دار ٹھہرا تھا۔ طویل وقفے کے بعد گذشتہ برس آرنلڈ شوارزنیگر نے The Expendables 2 میں مختصر رول ادا کیا تھا اور رواں برس جنوری میں معروف ایکشن ہیرو کے پرستاروں نے اسےThe Last Stand میں دیکھا اور آئندہ بارہ ماہ کے دوران اس کی مزید دو فلمیں منظر عام پر آئیں گی۔ تاہم ان فلموں میں سے کوئی بھی ایسی نہیں جو آرنلڈ کے لیے آسکر جیت سکے۔ آرنلڈ نے اپنے شان دار کیریئر میں بڑے بجٹ کی فلموں میں کردار ادا کیے جو دنیا بھر میں بے حد پسند کی گئیں۔ تاہم The Last Stand سمیت تینوں فلمیں محدود بجٹ کی ہیں۔

فلمی دنیا میں آرنلڈ کی واپسی پر فلمی حلقوں کی جانب سے 65 سالہ آرنلڈ کے مستقبل کے بارے میں شکوک و شبہات کا اظہار کیا جارہا تھا۔ The Expendables 2 نے باکس آفس پر زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ اس نے اپنی لاگت سے تین گنا زائد آمدنی حاصل کی تھی۔ تاہم اس فلم کی کاسٹ میں سلویسٹر اسٹالون، جیسن اسٹیتھم، وین ڈیم، چک نورس، جیٹ لی سمیت کئی معروف ایکشن ہیروز بھی شامل تھے۔ The Last Stand، Terminator 3 ( 2003ء) کے بعد بہ طور ہیرو آرنلڈ کی پہلی فلم ہے۔ اس فلم کی تکمیل پر تین سے چار کروڑ ڈالر خرچ ہوئے ہیں لیکن پندرہ روز کے دوران یہ دو کروڑ ڈالر کے لگ بھگ کماسکی ہے۔ ناقدین نے اگرچہ اس فلم پر مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے مگر آمدنی کے لحاظ سے اس فلم کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار نہیں دیا جارہا۔ ہالی وڈ پر نظر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ ایک ایسا سپراسٹار، ماضی میں جس کی فلمیں ریلیز کے ایک ہی ہفتے کے اندر لاگت پوری کرلیا کرتی تھیں،اس کی حالیہ فلم پر ناظرین کا ردعمل حوصلہ افزا نہیں۔ یاد رہے کہ آرنلڈ شوارزنیگر کی 24 فلموں کی مجموعی آمدنی چار ارب ڈالر تھی۔

آرنلڈ خود بھی فلم نگر میں اپنی واپسی پر فلم بینوں کے ردعمل کے بارے میں تذبذب کا شکار تھا۔ The Last Stand کے پریمیئر کے موقع پر منعقدہ پریس کانفرنس میں شوارزنیگر نے کہا تھا،'' جب آپ سات سال تک فلمی دنیا سے دور رہیں تو پھر واپسی پر آپ کے ذہن میں ان خدشات کا اُبھرنا فطری بات ہے کہ فلم بیں آپ کو قبول کریں گے یا نہیں۔ کیوں کہ اس دوران بہت سے نئے اداکار وارد ہوچکے ہوتے ہیں۔'' تاہم کئی فلم سازوں کا کہنا ہے کہ شوارزنیگر اب بھی بین الاقوامی اداکار ہے اور دنیا بھر میں اس کی ایکشن فلموں کے پرستار موجود ہیں۔ شوارزنیگر کی اگلی فلم The Tomb ہے جو رواں برس ستمبر میں ریلیز ہوگی جب کہ Tenآئندہ برس جنوری میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔


فلم انڈسٹری سے دوری اداکار کی مقبولیت میں کمی کا سبب بنتی ہے۔ فلمی دنیا میں مقبولیت اور معاوضے کا رشتہ بہت گہرا ہوتا ہے۔ شہرت میں کمی بیشی معاوضے پر بھی اثرانداز ہوتی ہے۔ شوارزنیگرکو بھی اسی صورت حال کا سامنا ہے۔ عروج کے زمانے میں سابق سپراسٹار ایک فلم میں کام کرنے کا معاوضہ ڈھائی کروڑ ڈالر لیا کرتا تھا۔ تاہم ان تین فلموں کے لیے اسے 80 لاکھ سے ایک کروڑ ڈالر تک دیے گئے ہیں جب کہ منافع میں بھی اس کا حصہ ہوگا۔

ٹھوس ورزشی جسم آرنلڈ شوارزنیگر کی پہچان رہا ہے تاہم بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ اس کے مشہور زمانہ مسلز بھی ڈھلک گئے ہیں۔ The Last Stand میں فلم بینوں کو ایک ایسا آرنلڈ شوارزنیگر نظر آیا جس کا جسم ڈھلک چکا ہے۔ اس فلم میں آرنلڈ نے ایک ریٹائرڈ پولیس اہل کار رول کیا ہے جو ایک سرحدی قصبے کا شیرف بن جاتا ہے اور اسے منشیات کے ایک خطرناک اسمگلر کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ Ten میں بھی اس کا کردار منشیات کے اسمگلروں کی بیخ کنی کے لیے بنائی جانے والی فورس کے اہل کار کا ہے۔

The Tombمیں ماضی کے سپراسٹار کو جیل کے قیدی کے رول میں کاسٹ کیا گیا ہے۔ The Tomb میں سلویسٹر اسٹالون بھی آرنلڈ کے ساتھی اداکاروں میں شامل ہے۔

چھوٹے بجٹ کی ان فلموں کے علاوہ آرنلڈ کو بڑے بجٹ کی کئی فلموں میں اداکاری کرنے کی بھی پیش کش ہوئی ہے، جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ فلم اسٹوڈیوز ہنوز اس پر اعتمادکرتے ہیں۔ یونی ورسل پکچرز نے اعلان کیا ہے کہ وہ عمر رسیدہ اداکار کو لے کر کئی فلمیں بنانا چاہتے ہیں جن میں آرنلڈ کی سپرہٹ فلم Conan The Barbarian کا ری میک بھی شامل ہے۔ شوارزنیگر کا کہنا ہے کہ وہ دس برس سے یونی ورسل پکچرز سے Twins کا سیکوئل بنانے کے لیے اصرار کررہا تھا۔ بالآخر اب Tripletsکے نام سے فلم اسٹوڈیو نے 1988ء کی اس ہٹ کامیڈی فلم کا سیکوئل بنانے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں ڈینی ڈی ویٹو، آرنلڈ کے ساتھ شامل ہوں گے۔
Load Next Story