میرٹ سے ہٹ کر جج بھرتی کرنے سے مسائل پیدا ہوئے مشیر عالم

عدلیہ کو کرپشن سے پاک کرنے کا عزم کیا ہے،کسی کرپٹ کو برداشت نہیں کریں گے

جسٹس مشیر عالم کا کہنا تھا کہ جوڈیشری کو کرپشن سے پاک کرنے کا عزم کیا ہے، کسی کرپٹ جج کو برداشت نہیں کریں گے۔ فوٹو: فائل

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مشیر عالم نے مٹیاری میں جوڈیشل کمپلیکس کی زیر تعمیر عمارت کا دورہ کیا۔

بعد ازاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہر ایک فرد کی یہ ذمے داری ہے کہ وہ انصاف کی فراہمی میں مدد کرے،چیف جسٹس نے امید ظاہر کی کہ علاقے کے نوجوان وکالت کے شعبے کی جانب راغب ہوں گے,قبل ازیں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید علی اکبر شاہ نے بھی خطاب کیا۔


دریں اثناء نوابشاہ جیم خانہ میں ڈسٹرکٹ بار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس مشیر عالم کا کہنا تھا کہ جوڈیشری کو کرپشن سے پاک کرنے کا عزم کیا ہے، کسی کرپٹ جج کو برداشت نہیں کریں گے، جوڈیشل اسٹاف پر بھی نظر رکھی جائے، کرپشن میں ملوث ججوں اور اسٹاف کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔



انھوں نے کہا کہ عدالتوں میں ججوں کی تقرریاں کرنا مشکل کام نہیں اور اگر حکومت کی بات سن لیں تو ججوں کی100 خالی اسامیوں کو فوری پُر کر دیا جائے لیکن ججوں کی کمی سے زیادہ میرٹ پر ججوں کی بھرتیاں کرنا ضروری ہے،میرٹ پر 23 سول جج مقرر کیے گئے ہیں، جب بھی میرٹ سے ہٹ کر جج بھرتی کیے گئے مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ تقریب سے نوابشاہ بار کے صدر ضیاء الحسن لنجار، جنرل سیکریٹری غلام شبیر زرداری نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں انڈونیشیا کے قونصل جنرل عدنان اور ان کی اہلیہ نے خصوصی شرکت کی۔
Load Next Story