کراچی میں دو دن میں دوسری بینک ڈکیتی ڈاکو لاکھوں روپے لوٹ کر فرار

بینک کے عملے نے پولیس کو تاخیر سے اطلاع دی جس کی وجہ سے ڈاکو فرار ہوگئے، پولیس

ملزمان کاونٹر پر رکھے ہوئے6 لاکھ روپے اور گارڈ کا اسلحہ چھین کر لے گئے؛فوٹوفائل

KARACHI:
کھارادر میں ڈاکو نجی بینک سے لاکھوں روپے اور سیکیورٹی گارڈز کا اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے۔

شہر قائد میں ان دنوں ڈاکوؤں کا راج قائم ہے، کراچی میں دو دن میں دوسری بینک ڈکیتی نے لوگوں کو خوف وہراس میں مبتلا کردیا ہے۔ کراچی کے علاقے کھارادر کی کلاتھ مارکیٹ میں 5 ملزمان ماسک اور ہیلمٹ پہن کر داخل ہوئے، پہلے انہوں نے بینک کے گارڈ کو قابو کیا پھر عملے کو یرغمال بناکر کاؤنٹر پر رکھی ہوئی 6 لاکھ روپے کی رقم اور گارڈ کا اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کراچی میں بینک ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر منیجر قتل

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، تاہم پولیس نے بینک کو سیل کرکے تفتیش کا آغاز کردیاہے، پولیس کا کہنا ہے کہ بینک کے عملے نے پولیس کو تاخیر سے اطلاع دی جس کے باعث ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔


دوسری جانب بینک مینجر کا کہنا ہےکہ لاکر میں رکھے ہوئے 52 لاکھ روپےلوٹنے سے بچ گئے ہیں شاید ڈاکوؤں کو اس رقم کے بارے میں علم نہیں تھا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کراچی میں بینک ڈکیتی ، ڈاکو57 لاکھ روپے لوٹ کرفرار

آئی جی سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے کہ دن دیہاڑے ڈکیتی کی اتنی بڑی واردات کیسے پیش آئی اور علاقہ پولیس اس وقت کہاں تھی واقعہ کی مکمل تحقیقات کرکے جلد سے جلد مجھے رپورٹ پیش کی جائے۔

واضح رہے کہ یہ کراچی میں دو دن میں دوسری جب کہ رواں سال کی نویں بینک ڈکیتی ہے، گزشتہ روز کراچی کے علاقے شارع قائدین میں ڈکیتی کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے بینک مینجر ہلاک ہوگیا تھا۔

Load Next Story