نیب کو ریفرنسزکیلیے جے آئی ٹی رپورٹ کی جلد10نہ ملی

رجسٹرارآفس سے درخواست مسترد، سپریم کورٹ میں باقاعدہ درخواست دائرکرنے پرغور

ریفرنس دائرکرنے سے قبل مریم،حسن،حسین نوازکے بیانات قلمبندکیے جائیں گے،ذرائع فوٹو؛ فائل

KARACHI:
سپریم کورٹ کے رجسٹرارآفس نے شریف خاندان کے آف شورکاروبارسے متعلق جے آئی ٹی رپورٹ کی جلد 10دینے سے متعلق نیب کی درخواست مستردکردی۔


نیب کےمطابق چند روز قبل عدالت عظمیٰ کے رجسٹرارآفس کویہ درخواست کی گئی تھی کہ سابق وزیراعظم اوران کے بچوں کیخلاف ریفرنس دائرکرنے کیلیے جے آئی ٹی رپورٹ کی تمام جلدوں کی تصدیق شدہ نقول دی جائیں ۔انہوں نے بتایا کہ رپورٹ کی9 جلدیں تو دی گئی ہیں لیکن جلد نمبر10 نہیں دی گئی۔نیب ذرائع نے بتایا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کی جلد 10کے حصول کیلیے عدالت میں باقاعدہ درخواست دی جا سکتی ہے لیکن یہ فیصلہ پراسیکیوٹرجنرل نیب کے قانونی مشورہ کے بعدہوگا۔قانونی ماہرین کاخیال ہے کہ رپورٹ کی جلد10میں دی گئی معلومات شریف فیملی کیلئے زیادہ نقصان دہ ہوسکتی ہے اسلیے انھوں نے اسے عام کرنے کی درخواست پر زورنہیں دیا۔

آن لائن کے مطابق احتساب عدالت میں ریفرنس دائرکر نے سے نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز، حسن نواز اور حسین نواز کے بیانات قلمبند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پراسیکیوٹر جنرل نیب کی سربراہی میں نیب کی10رکنی تحقیقاتی ٹیم بیانات قلمبند کرے گی۔ذرائع نے بتایاکہ مریم نواز اور ان کے بھائیوں سے لندن جائیدادوں کی ملکیت کے بارے میں پوچھ گچھ کی جائے گی۔
Load Next Story