پولیس پوسٹ کے سامنے مسلح افراد کی فائرنگ سے نوجوان ہلاک

ملزمان نے حسن دوست چانڈیو کو گولیوں سے چھلنی کردیا، پولیس اہلکار تماشا دیکھتے رہے

ملزمان کی فائرنگ سے پولیس چیک پوسٹ پر موجود پولیس اہلکار خاموشی سے تماشا دیکھتے رہے۔ فوٹو: فائل

نواب شاہ پولیس چیک پوسٹ کے سامنے مسلح افراد نے نوجوان کو گولیوں سے چھلنی کردیا، پولیس اہلکار تماشا دیکھتے رہے، ملزمان فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح بی سیکشن پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع سانگھڑ روڈ واٹر بس اسٹاپ کے مقام پر 2 موٹر سائیکلوں اور ایک کار میں سوار ایک درجن مسلح افراد نے پولیس چیک پوسٹ سے چند فٹ کے فاصلے پر 25 سالہ حسن دوست چانڈیو پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، شدید فائرنگ سے مقتول کا جسم گولیوں سے چھلنی ہوگیا۔




ملزمان کی فائرنگ سے پولیس چیک پوسٹ پر موجود پولیس اہلکار خاموشی سے تماشا دیکھتے رہے اور ملزمان آرام سے واردات کرنے کے بعد گاڑیوں پر سوار ہوکر فرار ہوگئے۔ ڈی ایس پی سٹی عبدالقادر سموںکی سربراہی میں پولیس نے لاش تحویل میں لے کر پی ایم سی اسپتال سے پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد ورثا کے حوالے کردی۔

مقتول نوجوان اپنی موٹر سائیکل پر ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ پیشی پر لائے گئے اپنے والد سے ملاقات کیلیے جارہا تھا کہ گاڑی پنکچر ہوگئی اور وہ پنکچر لگوانے کے لیے رک گیا تو گولیوں کا نشانہ بن گیا۔ مقتول کے ورثا نے الزام عائد کیا ہے کہ حسن دوست چانڈیو کو پی پی پیرہنما نصراللہ بروہی اور اس کے بھائیوں نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کرکے قتل کیا ہے۔ دوسری جانب ڈی ایس پی سٹی نے پولیس پوسٹ پر ڈیوٹی پر مقرر 2 پولیس اہلکاروں آصف اور سائیں بخش کو فرائض میں غفلت برتنے کے الزام میں معطل کرکے حراست میں لے لیا۔ آخری اطلاع تک قتل کا مقدمہ درج نہ ہوسکا۔
Load Next Story