پولیس کے دفاتر میں بائیو میٹرک سسٹم قائم کرنیکا فیصلہ

سسٹم سے گھوسٹ ملازمین کے خا تمے اوراہلکاروں کی حاضری کو یقینی بنایا جاسکے گا،کمیٹی 15دن میں رپورٹ پیش کرے گی،آئی جی

آئی جی سندھ نے اس موقع پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کی سربراہی میں ایک اور کمیٹی قائم کرتے ہوئے پولیس فورس کے تمام افسران و اہلکاروں کا کمپیوٹرائز ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

محکمہ پولیس میں گھوسٹ ملازمین کے خاتمے اور افسران و اہلکاروں کی حاضری کو یقینی بنانے کیلیے پولیس کے تمام دفاتر میں بائیومیٹرک سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے5رکنی کمیٹی قائم کردی ۔

جس میں ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی سندھ تبسم عابد ، ایس ایس پی محافظ فورس کرنل واحد ، اے آئی جی ایڈمنسٹریشن اور اے آئی جی ٹیلی کمیونیکشن شامل ہیں ، کمیٹی 15دن میں بائیو میٹرک سسٹم سافٹ وئیرکو یونٹس اورمرکزی سطح پر شروع کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی، اس بات کا فیصلہ آئی جی فیاض ا حمد خان لغاری کی صدارت میں سینٹرل پولیس آفس میں ہونے والے اجلاس کے دوران کیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی اقبال محمود ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر کیپٹن طاہر نوید،ڈی آئی جی ٹی اینڈ ٹی،اے ڈی خواجہ ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر احسن یوسف زئی، اے آئی جی آپریشن سندھ نعیم شیخ کے علاوہ دیگرسینئر پولیس افسران نے شرکت کی،آئی جی سندھ نے کمیٹی کوہدایت کی کہ ابتدائی مرحلے میں تمام ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پولیس ہیڈ کوارٹر ،ایس آرپی کے دفاتر اور ریپڈ رسپانس فورس میں بائیومیٹرک سسٹم نصب کیا جا ئے اور بعد ازاں اگلے مرحلوں میں سند ھ پولیس کے دیگر دفاتر میں بھی اس کام کو تکمیل تک پہنچایا جائے۔




آئی جی سندھ نے اس موقع پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کی سربراہی میں ایک اور کمیٹی قائم کرتے ہوئے پولیس فورس کے تمام افسران و اہلکاروں کا کمپیوٹرائز ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی اور اس سلسلے میں ہیومن ریسورس سے متعلق سافٹ وئیرکو عملی طور پر متعارف کرانے کے لیے کہا ،آئی جی سندھ نے کہا کہ متذکرہ سافٹ وئیرکیلیے محکمہ پولیس کے ملازمین کا مکمل ڈیٹا شناختی کارڈ کے مطابق کمپیوٹرائزڈ کرنے کے یقینی اقدامات کیے جائیں تاکہ دستیاب افرادی قوت کو بہترطریقے سے جرائم کے انسداد کے لیے استعمال کیا جاسکے۔

انھوں نے کہا کہ اس ضمن میں تمام ڈی آئی جیز کو تحریری طور پر آگاہ کرتے ہوئے اس کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے،اجلاس کو بتایا کہ کہ محافظ فورس میں دستیاب عملے کی فہرستیں کمپیوٹرائز کی جا چکی ہیں اور بائیو میٹرک سسٹم پر کام کر رہے ہیں ۔
Load Next Story