قائداعظم ٹرافی کراچی وائٹس 69 رنز پر ڈھیر سہیل کی 5 وکٹیں

راولپنڈی نے 8 وکٹ پر253 رنز بنا لیے، عبد الامیرنے 6 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔

کراچی بلوز کو لاہور شالیمار کیخلاف برتری حاصل، زوہیب نے7 شکار کیے۔ فوٹو : فائل

قائد اعظم ٹرافی سپر ایٹ کے دوسرے رائونڈ میں کراچی وائٹس کی ٹیم راولپنڈی کیخلاف پہلی اننگز میں 69 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

سہیل تنویر نے5 وکٹیں لیں، جواب میں حریف ٹیم نے8 وکٹ پر 253 رنز بنا لیے، عبد الامیرنے 6 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا،کراچی بلوز نے لاہور شالیمار کے خلاف برتری حاصل کرلی، زوہیب شیرا نے7 وکٹیں لیں،فخر زماں سنچری کی جانب گامزن ہیں،عظیم گھمن اور رضوان احمد کی سنچریوں کی بدولت حیدرآباد نے لاہور راوی کے خلاف 7وکٹ پر 402رنز بنالیے، اسلام آباد نے سیالکوٹ کیخلاف 5 وکٹ پر 259 رنز اسکور کیے،راحیل مجید نے سنچری داغی، علی فراز نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی وائٹس اپنی پہلی اننگز میںمیزبان ٹیم کے سامنے محض 29 اوورز میں 69رنز پر ڈھیر ہو گئی، شاہ زیب حسن 19رنز کے ساتھ نمایاں رہے،محتشم علی اور فراز احمد نے 11،11رنز بنائے،8کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے، سہیل تنویر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 20 رنز دے کر 5کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، حماد اعظم اورصدف حسین نے2,2 وکٹیں اپنے نام کیں، جواب میں کھیل ختم ہونے پر راولپنڈی نے 8 وکٹیں گنوا کر 253رنز بنائے،اویس ضیا نے67اور بابر نعیم نے66رنز جوڑے،عبدالامیر نے 6وکٹیںحاصل کیں جبکہ عاطف مقبول نے 2کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا۔




اس طرح میزبان ٹیم کو کراچی وائٹس کے خلاف پہلی اننگز میں 184رنز کی برتری مل گئی جبکہ2وکٹیں محفوظ ہیں،لاہور کے ایل سی سی اے گرائونڈ پر کراچی بلوز نے اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹ پر 178رنز بناکر شالیمار کے خلاف 41رنز کی سبقت حاصل کرلی،فخر زماں 14چوکوں کی مدد سے 95رنز بنا کر سنچری کی جانب گامزن ہیں، رمیز راجہ جونیئر 45رنز بنا کرپویلین لوٹے،اعزاز چیمہ نے 2وکٹیں لیں، قبل ازیں میزبان ٹیم زوہیب شیرا کی بولنگ کے آگے نہ ٹک سکی اور محض 34.4اوورز میں 137کا ہندسہ اسکور بورڈ پر جما کر ڈریسنگ روم لوٹ گئی، محمد عرفان نے 62 رنز کے ساتھ مزاحمت کی اور آئوٹ نہیں ہوئے، اعزاز چیمہ نے27 رنز کا اضافہ کیا۔

6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے،زوہیب شیرا نے42 رنز دیکر 7کھلاڑی ٹھکانے لگائے، تابش خان کو 2وکٹیں ملیں،اسلام آباد کے ڈائمنڈ کلب گرائونڈ پر میزبان ٹیم نے سیالکوٹ کیخلاف5 وکٹ پر 259رنز بنائے،راحیل مجید نے 14 چوکوں کی مدد سے 115 رنز کی اننگز کھیلی، علی سرفراز 3 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر سکے،ان کے97 رنزمیں12 چوکے شامل تھے،ماجد جہانگیر نے4 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا،اسلام آباد کے نیشنل گرائونڈ پر حیدر آباد نے لاہور راوی کے خلاف پہلی اننگز میں 7 وکٹ پر402 بنا ڈالے، عظیم گھمن نے 21 چوکوں کی مدد سے107 رنز جوڑے ،105 رنز اسکور کرنے والے رضوان احمد نے 12چوکے لگائے۔

فیصل اطہر نے 78 رنز کی اننگز کھیلی،ایم ارشدنے 4 کھلاڑیوں کو پویلین لوٹایا۔ باٹم سکس میں آزاد جموں و کشمیر کے میر پور اسٹیڈیم میں فیصل آباد نے ایبٹ آباد کے خلاف پہلی اننگز میں 7 وکٹ پر375رنز بنائے، خرم شہزادنے136 رنز اسکور کیے، محمد شہزاد 4 رنز کی کمی سے سنچری سے محروم رہ گئے اور 96 رنز کے ساتھ مایوس ڈریسنگ روم لوٹے، پول بی میں بہاولپور نے کوئٹہ کے خلاف پہلی اننگز میں 8وکٹ پر 232رنز بنا لیے، کامران حسین 94 رنز کے ساتھ کریز پر ہیں، نذر حسین نے6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
Load Next Story