متحدہ پاکستان نے سعید غنی کی نشست پر مرتضیٰ وہاب کی حمایت کا اعلان کر دیا

پیپلزپارٹی کے وفد نے ایم کیو ایم سے درخواست کی کہ سینیٹ کی نشست پر ان کے امیدوار بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی حمایت کی جائے

مرتضیٰ وہاب فوزیہ وہاب کے بیٹے اور پیپلزپارٹی کے امیدوار ہیں، کنور نوید جمیل۔ فوٹو؛ فائل

متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) نے سعید غنی کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر انتخاب میں پیپلزپارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے اور سینیٹ میں اپنے دونوں امیدواروں کو پیپلزپارٹی کے امیدوار کے حق میں دستبردار کرا لیا ہے۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے وفد سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) سعید غنی کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر انتخاب میں پیپلزپارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب کی حمایت کرتی ہے۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے وفد نے نثار کھوڑو کی قیادت میں متحدہ پاکستان کے رہنماؤں سے بہادر آباد میں ان کے دفتر میں ملاقات کی، پیپلزپارٹی کے وفد میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ ،ڈاکٹرعاصم حسین اور بیرسٹر مرتضیٰ وہاب شامل تھے جبکہ اس موقع پر متحدہ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے اراکین خواجہ اظہار الحسن، فیصل سبزواری، ابو بکر، محمد شاہد اور خالد سلطان بھی موجود تھے، ملاقات میں سیاسی صورت حال، بلدیاتی امور اور ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


پیپلزپارٹی کے وفد نے ایم کیو ایم سے درخواست کی کہ سینیٹ کی نشست پر ان کے امیدوار بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی حمایت کی جائے، ایم کیو ایم نے پیپلزپارٹی کو سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی نمائندوں اور حکومتوں کے ساتھ عدم تعاون، کارکنان کی گرفتاریوں، جیلوں میں اسیر کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک، ترقیاتی کاموں میں شہری علاقوں کو نظرانداز کرنے، فنڈز کی عدم فراہمی اور دیگر معاملات پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، پیپلزپارٹی نے ان مطالبات اور تحفظات کو قانون کے مطابق حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کنور نوید جمیل نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب فوزیہ وہاب کے بیٹے اور پیپلزپارٹی کے امیدوار ہیں، مرتضی وہاب سے ہمارے گہرے تعلقات ہیں، اس لیے ایم کیو ایم نے سینیٹ کی سیٹ پر مرتضیٰ وہاب کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

اس موقع پر نثار کھوڑو نے یقین دہانی کرائی کہ وہ مسائل کے حل کیلیے وزیراعلیٰ سندھ سے بات کریں گے اور مسائل کا حل نکالا جائے گا، نثارکھوڑو نے کہا کہ ہم ایم کیو ایم پاکستان کے شکر گزار ہیں کہ انھوں نے ہمارے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
Load Next Story