پاکستان آئین اور قانون کے اصل راستے پر چل پڑا آرمی چیف

قوم شہداء کی قربانیوں کے اعتراف میں جشنِ یوم آزادی بھرپور انداز میں منائے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

دہشت گردی کے خلاف جنگ امن کے حصول تک جاری رہے گی، آرمی چیف۔ فوٹو : فائل

KARACHI:
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان بہت محنت اور لازوال قربانیوں کے بعد حاصل ہوا اور اس کو نقصان پہنچانے والے دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔

واہگہ بارڈر پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سپہ سالار کا کہنا تھا کہ جس قوم کا جذبہ اس قدر شاندار ہو اور جو ملک اللہ اور رسول ﷺ کے نام پر حاصل کیا گیا ہو اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب پاکستان معرض وجود میں آیا تو معاشی، سیاسی اور دفاعی لحاظ سے کمزور تھا کیونکہ ہندوستان نے ہمارے حق پر قبضہ کر لیا تھا لیکن قلیل وسائل کے باوجود ہمارے بزرگوں نے انتھک محنت کر کے اس ملک کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا اور آج پاکستان ایک مضبوط ملک ہے جو دن بدن ترقی کرتا جا رہا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: آرمی چیف نے واہگہ بارڈر پر ایشیا کا سب سے بلند پرچم لہرا دیا

آرمی چیف نے کہا کہ اس سفر میں ہم سے کچھ غلطیاں بھی ہوئیں جن سے ہم نے سیکھا اور آج اللہ کے کرم سے ملک اپنے اصل راستے پر گامزن ہے جو آئین اور قانون کا راستہ ہے، ہر ادارہ ایمانداری اور تندہی کے ساتھ اپنا کام کر رہا ہے اور وہ دن دور نہیں جب ہم پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کا پاکستان بنا کر دم لیں گے۔


جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہمارے دشمن مغرب میں ہوں یا مشرق میں ہم ہر طرح سے ہوشیار اور تیار ہیں، دہشت گردوں کو چن چن کر ماریں گے اور انہیں انجام تک پہنچائیں، دہشت گردوں کی گولیاں ختم ہو جائیں گی لیکن ہمارے جوانوں کی چھاتیاں ختم نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے عزائم کو کوئی خطرہ متزلزل نہیں کر سکتا کیونکہ ہر پاکستانی آپریشن رد الفساد کا سپاہی ہے اور قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ پاک فوج اور دیگر ادارے قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔

سربراہ پاک فوج نے کہا کہ اس سفر میں ہم نے بہت سی قربانیاں دی ہیں، چاہے وہ 48، 65 یا 71 کی جنگ یا کارگل کا معرکہ ہو، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہو یا آپریشن راہ راست و آپریشن ردالفساد، ہم نے بہت قربانیاں دی ہیں، آج جو چراغ جل رہے ہیں ان میں ہمارے شہیدوں کا خون شامل ہے، ہم پر اپنے شہیدوں کا خون قرض ہے، ہم اس فوج سے تعلق رکھتے ہیں جس نے سیاچن کے مشکل ترین علاقے میں اپنے جوانوں کے جسد خاکی نکالنے کے لئے پورا گلیشئر کھود ڈالا، اگر ہم اتنا کٹھن کام کر سکتے ہیں تو یقین کریں کہ پاکستان کے ہر دہشت گرد کو چن چن کر ماریں گے۔

قبل ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ میں گزشتہ رات سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے خود کش حملے میں شہید جوانوں کی نماز جنارہ میں شرکت کی اور سی ایم ایچ کوئٹہ میں دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی جب کہ آرمی چیف کو دھماکے سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : سیکیورٹی فورسز پر خود کش حملہ، 8 جوانوں سمیت 15 افراد جاں بحق

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کاکہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاستی اداروں کو مؤثر تعاون کرنا ہوگا جب کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ امن کے حصول تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء نے پرامن اورمستحکم پاکستان کے لئے جانیں قربان کیں، قوم شہداء کی قربانیوں کے اعتراف میں یوم جشن آزادی بھرپور انداز میں منائے۔
Load Next Story