شریف فیملی پیشی سے انکار فرعونیت کی بدترین مثال ہے سراج الحق

آرٹیکل 62، 63 کو چھیڑا تو کسی حادثے کی ذمے داری نواز شریف پر ہو گی، کوئٹہ میں خطاب

عدالتوں کو دھمکیاں دینا جمہوریت نہیں، آخری لٹیرے کو پکڑنے تک تحریک جاری رہے گی، امیر جماعت اسلامی۔ فوٹو:فائل

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ احتساب عدالت میں پیش ہونے سے انکار کرکے نواز شریف اور ان کے بیٹوں نے فرعونیت کی بدترین مثال قائم کی ہے جوقانون حکمرانوں پر لاگو نہیں ہو سکتا، وہ عوام پر کیسے مسلط کیا جاسکتاہے۔


مسانی کوئٹہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کی سیاست کو چند خاندانوں نے یرغمال بنا رکھا ہے ، کسی فرد کو یہ حق نہیں دیا جاسکتا کہ وہ اپنی مرضی کا قانون بنائے اگر کوئی صادق اور امین نہیں بن سکتا تو اسے اسمبلی کا رکن اور وزیر بننے کا بھی حق نہیں، احتساب کی تحریک آخری چور اور لٹیرے کے پکڑے جانے تک جاری رہے گی اور وہ وقت دور نہیں جب عوام کا ہاتھ کرپٹ مافیا کے گریبانوں تک پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر امیروں اور وی آئی پیز کا محاسبہ نہیں ہو سکتا تو پھر کسی غریب کو بھی عدالتوں میں طلب نہیں کیا جاسکتا، جی ٹی روڈ پر آ کر عدالتوں کو دھمکیاں دینا اور آئین ختم کرنے کے نعرے لگانا جمہوریت نہیں، آج اسلام آباد میں کرپشن فری پاکستان تحریک کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرونگا۔

علاوہ ازیں ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ 62, 63 کے دفعات کو چھیڑنے سے پیش آنیوالے کسی بھی حادثے کی ذمے داری نوازشریف پر عائد ہو گی، اسلام آباد ٹھیک ہوجائے تو ملک کے تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔
Load Next Story