اچھی بات صدقہ ہے

اچھی بات صدقہ ہے

اچھی بات صدقہ ہے، فوٹو فائل

NEW DELHI:
نیہا، تزئین اور مَیں، بہت اچھی سہیلیاں ہیں۔ ہم اسکول میں چودہ اگست منانے کے بارے میں باتیں کر رہے تھے۔ نیہا بولی، دنیا بہت بدل گئی ہے۔ پہلے جب آزادی کی خوشیاں مناتے تھے تو گھر، گلیاں اور بازار سجائے جاتے تھے۔ مگر اب صرف بم، پٹاخے اور بغیر سائلینسر کے موٹرسائیکل وغیرہ کا رواج ہوگیا ہے۔

ہاں! پہلے اسکولوں میں چودہ اگست کے حوالے سے خصوصی تقریبات ہوا کرتی تھیں مگر اب بہت ہی کم اسکولوں میں ایسی تقریبات ہوتی ہیں۔ تزئین نے بھی اس کی ہاں میں ہاں ملائی۔
آج سحری کے بعد قرآن پاک پڑھتے ہوئے جب ترجمہ دیکھا تو لکھا تھا؛ ''اچھی بات صدقہ ہے۔'' چناںچہ میں نے ان سے کہا کہ اس مرتبہ چودہ اگست کو ہم میلادِمصطفیٰ ﷺ پڑھیں گے اور اپنے پیارے ملک پاکستان کی حفاظت اور ترقی کی دعا کریںگے۔

نیہا نے کہا، مگر ہم صرف تین ہیں، کیسے پڑھیں گے؟ میں نے کہا، اچھی بات بھی صدقہ ہے۔ اگر ہم سب کو دعوت دیںکہ وہ محفلِ میلادِمصطفیٰﷺ میں ضرور آئیں تو یہ بھی نیکی ہوگی۔ ہم اپنے آس پڑوس کو دعوت دیں گے اور مدرسے کی لڑکیاں بھی تو ہوںگی۔


آخرکار تیرہ اگست آئی تو میں اور نیہا چودہ اگست کی دعوت دینے نکلے۔ ہم سب سے یہی کہہ رہے تھے کہ چودہ اگست کی خوشی میں محفلِ میلادِمصطفیٰ ﷺ منعقد کررہے ہیں۔ کچھ لوگوں نے تو ہمارا مذاق بھی اڑایا کہ لوگ جھنڈیوں تک کی عزت تو کرتے نہیں، چودہ اگست کے دن آوارہ گردی کرتے نظر آتے ہیں اور تم لوگ محفلِ میلادِمصطفیٰ ﷺمنعقد کررہے ہو؟

میں نے کہا، آوارہ گردیاں وہ لوگ کرتے ہیں، جنہیں پاکستان سے پیار نہیں۔ انہیں صرف اپنی زندگی، اپنی خوشی سے پیار ہے۔ ہم سب لڑکیاں اس محفل کے ذریعے یہ پیغام دیں گی کہ ہم ہر تہوار کو احترام اور تعظیم سے منائیں۔ اﷲ اور اس کے پیارے محبوب ﷺ کے ذکر سے اپنی دنیا اور آخرت دونوں سنوار لیں۔

ہمارا چودہ اگست کا دن بہت ہی اچھا گزرا۔ ہم نے محفلِ میلادِمصطفیٰ ﷺمنعقد کرکے اپنے پیارے پاکستان کی حفاظت اور ترقی کی دعا کی۔

آج ہم تینوں سہیلیاں آپ کو یہ بتانا چاہتے ہیںکہ دنیا میں اتنا مت کھو جائیںکہ آخرت کو بھی بھول جائیں۔ اپنے بھائیوں، بیٹوں، بچوں کو بھی سمجھائیںکہ اگر وہ موٹرسائیکل کے سائلینسرز نکال کر شوروغل کریں گے تو حاصل کیا ہوگا؟ ماں باپ کا پیسا خرچ ہوگا اور دوسروں کا سکون برباد ہوگا۔ ہم کسی کی بددعا کیوں لیں۔ تو آج یہ عہد کریںکہ ہم دوسروں کو اچھی بات کرنے، اچھے کام کرنے اور تہواروں کو احترام اور تعظیم سے منانے کی تلقین کریںگے۔ کیوںکہ اچھی بات بھی صدقہ ہے۔ آپ کو چودہ اگست مبارک ہو۔ پاکستان! زندہ باد۔
Load Next Story