کباڑی مارکیٹ شیرشاہ کے دو عہدیداروں سمیت مزید 5 قتل

سیمنزچورنگی پر ایسوسی ایشن کے2عہدیداروں پر فائرنگ،لیاری میں40سالہ شخص ماراگیا

سیمنزچورنگی پر ایسوسی ایشن کے2عہدیداروں پر فائرنگ،لیاری میں40سالہ شخص ماراگیا۔ فوٹو: فائل

شہرمیں ٹارگٹ کلنگ کاسلسلہ بدستورجاری ہے،جمعرات کو بھی کباڑی مارکیٹ ایسوسی ایشن کے2عہدیداروںسمیت 4افرادکوقتل کردیا گیا۔

ملیر کے مختلف علاقوں میں2 گروپوں میں تصادم کے دوران شدیدفائرنگ کاتبادلہ ہوا جس میں ایک شخص ہلاک ہوگیا،فائرنگ کے واقعات میں مجموعی طورپرپولیس اہلکارسمیت 10زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق سائٹ اے تھانے کی حدودسیمنزچورنگی کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے سوزوکی ہائی روف میں سوار60 سالہ شکیل احمداور ان کے ساتھی65سالہ مرزاافتخار بیگ ہلاک ہو گئے ، مقتول افتخاربیگ ناظم آبادنمبر3سرسید گرلزکالج کے عقب کے رہائشی تھے،مقتول کے2بیٹے برطانیہ میں جبکہ2 بیٹے اوربھائی ان کے ساتھ کباڑی مارکیٹ میںگاڑیوں کے کیبل کام کرتے ہیں۔

مقتول مرزاافتخار بیگ کباڑی مارکیٹ ایسوسی ایشن کے سابق جنرل سیکریٹری تھے جبکہ مقتول شکیل احمدکباڑی مارکیٹ ایسوسی ایشن کے نائب صدراور نارتھ کراچی پاورہاؤس چورنگی کے قریب کے رہائشی تھے مقتول کے3بیٹے ہیں جبکہ ان کی شیرشاہ کباڑی مارکیٹ میں گاڑیوں کی موٹروںکی دکان ہے۔ایس پی سائٹ علی آصف نے بتایا کہ پولیس کواطلاع ملی کے سائٹ سیمنزچورنگی کے قریب ہائی روف پرفائرنگ ہوئی جب پولیس موقع پرپہنچی توعینی شاہدین نے بتایاکہ نامعلوم موٹرسائیکل سوارملزمان نے ہائی روف کوسیمنزچورنگی کے قریب روکااورقریب ہی واقع چیمبرآف کامرس کے دفتر کے سامنے لے جاکراس میں سوار افراد کو گولیاں مار دیں اور فرار ہو گئے جبکہ ہائی روف کو ڈرائیورعباسی شہید اسپتال کی طرف لے گیا۔




کباڑی مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر زاہد نے بتایا کہ مقتولین کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمع نارتھ ناظم آباد فاروق اعظم مسجد میں ادا کی جائے گی جبکہ شیرشاہ کباڑی مارکیٹ کے عہدیداروں کے قتل پر3روزہ سوگ کااعلان کرتے ہوئے بتایاکہ مارکیٹ بھی سوگ کے دوران بندرہے گی۔کلری تھانے کی حدودغوثیہ چوک پر44سالہ شخص غلام نبی کی لاش ملی۔کورنگی عمر کالونی کچی آبادی کے رہائشی55سالہ محمدیعقوب کونامعلوم ملزمان نے گھرمیںگھس کر فائرنگ کرکے ہلاک کردیااورفرار ہوگئے،مقتول مچھلی فروش تھا۔

ملیرکے مختلف علاقوں آنسو گوٹھ ، صاحب داد گوٹھ، مہران گوٹھ ، غریب آباد ، عمار یاسر سوسائٹی ، جمع گوٹھ ، سعودی کالونی سمیت دیگر علاقوں میں2مسلح گروپوں میں تصادم کے دوران شدیدفائرنگ سے40 سالہ محمدابراہیم ، 30سالہ عزیز ،22سالہ سخاوت اورپولیس اہلکار 27 سالہ غلام حسین زخمی ہو گئے جنہیں جناح اسپتال پہنچایا گیا جہاں ابراہیم دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

ملیر کے بیشتر علاقوں میں رات گئے تک فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا۔کریم آبادفلائی اوورپرنامعلوم موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے کارسوار35سالہ متبرنذیر اور 40سالہ عبد الوحیدمحمد انور زخمی ہو گئے۔نیوکراچی نمبر5میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے عثمان اور عمر زخمی ہو گئے۔سہراب گوٹھ جمالی گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے38سالہ ظاہر شاہ زخمی ہوگیا۔ پراناحاجی کیمپ فرنیچروالی گلی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اقبال زخمی ہو گیا۔

Recommended Stories

Load Next Story