بھارت نے شہید فوجی کا جسد خاکی پاکستان کے حوالے کردیا آئی ایس پی آر

بھارت کی جانب سے پاکستانی فوجی کو شہید کرنے کا واقعہ دونوں ممالک میں پہلے سے موجود معاہدے کی خلاف ورزی ہے، دفتر خارجہ

اخلاق احمد کی میت لام سیکٹر میں ہونے والی فلیگ میٹنگ کے دوران پاکستانی حکام کے حوالے کی گئی۔ فوٹو: فائل

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے شہید جوان اخلاق احمد کا جسد خاکی پاکستان کے حوالے کردیا ہے۔

اخلاق احمد کی میت لام سیکٹر میں ہونے والی فلیگ میٹنگ کے دوران پاکستانی حکام کے حوالے کی گئی۔ ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوجی جوان اخلاق احمد کی تدفین ہفتہ کے روز پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں کلر سیداں میں کی جائے گی۔


دوسری جانب دفتر خارجہ نے اس واقعے پر احتجاج کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے واقعے کی تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اس طرح کا واقعہ دونوں ممالک میں پہلے سے موجود معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے کہ اخلاق احمد گزشتہ روز کھوئی رتہ سیکٹر میں غلطی سے لائن آف کنٹرول عبور کرکے مقبوضہ کشمیر میں چلے گئے تھے جس پر انہیں بھارتی فوج نے شہید کردیا تھا اور پاکستان کے ڈی جی ملٹری آپریشنز نے آج بھارتی ہم منصب سے فون پر رابطہ کر کے شہید فوجی کی میت واپس کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
Load Next Story