گوجرانوالہ میں فرنیچرفیکٹری میں آتشزدگی عمارت کا ایک حصہ منہدم

ریسکیو کی 10 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں،ڈی ای او عمرگھمن

عزیزکراس بائی پاس کےقریب فیکٹری میں لگی آگ نےشدت اختیارکرلی،فاٹوفائل

عزیزکراس بائی پاس کے قریب پلاسٹک فرنیچر بنانے والی فیکٹری میں لگنے والی آگ کے باعث عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گوجرانوالہ میں عزیز کراس بائی پاس کے قریب پلاسٹک فرنیچر بنانے والی فیکٹری میں آگ لگ گئی، آگ کی شدت اتنی زیادہ ہے کہ آگ نے فیکٹری سے منسلک موٹرسائیکل پارٹس کے گودام کوبھی اپنے لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث لاکھوں روپے مالیت کا سامان خاکستر ہوجانے کا خدشہ ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: اسلام آباد کے سستا بازار میں آتشزدگی، 500 سے زائد اسٹالز جل کر خاکستر


آگ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں جب کہ فائربریگیڈ کی 10 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں تاہم آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے ریسکیو کی مزید 4 گاڑیاں طلب کرلی گئی ہیں۔

ڈی ای او عمرگھمن کا کہنا ہے کہ آگ اتنی شدید ہے کہ عمارت میں کریک پڑنا شروع ہوگئے ہیں ، فیکٹری کے سامنے والا حصہ تپش کے باعث گرنا شروع ہوگیا ہے جب کہ پوری عمارت کسی بھی وقت گرسکتی ہے۔ ڈی ای اوعمرگھمن اور ضلعی انتظامیہ نے آس پاس کی فیکٹریوں کے عمارتوں کو خالی کروانے کیلئے اعلانات کرانا شروع کردئیے ہیں اور دوسری فیکٹریوں کے مزدوروں کو جلد سے جلد عمارت خالی کرکے باہر نکلنے کا حکم دیا ہے۔ دوسری جانب ریسکیو اہلکاروں کے مطابق بجلی کی بندش کے باعث امدادی کارروائیوں میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

واضح رہے کہ فیکٹری میں آگ لگنے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکی ہیں تاہم فی الحال کسی بھی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

Load Next Story