ریکوڈک پر عدالتی فیصلے سے ملک کو نقصان ہوا شاہد خاقان عباسی

کمپنی کو ادائیگی کرنا پڑے گی، سینٹ کو ان کیمرہ بریفنگ، کارروائی براہ نشرکرنے کی یقین دہانی

پاک ایران، تاپی گیس لائن، قطر سے ایل این جی درآمد پرتحریک التوا بھی منظور، حکومتی مخالفت مسترد۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ریکوڈک سے متعلق عدالتی فیصلے سے ملک کو نقصان پہنچا، ہمیں متعلقہ کمپنی کو ادائیگی کرنا پڑے گی۔

وزیراعظم نے ریکوڈک منصوبے سے متعلق سینٹ کو ان کیمرا بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ ریکوڈک منصوبے پر فیصلہ ہمارے خلاف آنے پر اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، پاکستان کو اس رقم کی ادائیگی کرنی پڑے گی۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا سپرپم کورٹ کے غلط فیصلے کے باعث قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔

ٹرمپ کے بیان پر بحث کے دوران ایوان سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان نے کہا امریکی صدر کے خطاب میں پاکستان پر الزامات سے متعلق سینٹ کی کمیٹی کی سفارشات کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جا سکتا ہے یا آئندہ مشترکہ اجلاس بلانے پر وہاں بھی پیش کیا جاسکتا ہے، پارلیمنٹ کی متفقہ سفارشات کو پالیسی کا حصہ بنایا جائیگا۔

دوسری جانب چیئرمین سینٹ نے ایوان بالا میں جاری بحث کو پی ٹی وی پر نہ دکھانے کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا ایوان میں مسلسل دو روز بحث جاری رہی مگر پی ٹی وی نے اس بحث کو نہیں دکھایا جس پر وزیراعظم نے کہا اجلاس کی کوریج ہونی چاہیے تھی، اس کی وجہ معلوم کی جائے گی، واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ دونوں ہاؤسز کے اجلاس کو پی ٹی وی سے کور کیا جائے۔ چیئرمین نے پاک ایران اور تاپی گیس پائپ لائن منصوبوں اور قطر سے ایل این جی درآمد کرنے کے معاملے پر بھی تحریک التوا بحث کیلئے منظور کرلی۔ یہ تحریک ایم کیوایم کے میاں عتیق شیخ نے جمع کرائی تھی۔ حکومتی مخالفت کے باوجود چیئرمین نے تحریک منظور کی۔


وقفہ سوالات کے دوران عتیق شیخ نے شفا انٹرنیشنل ہسپتال ٹرسٹ کے تحت کام کر رہا ہے، یہاں سستا علاج ہونا چاہیے لیکن یہاں بہت مہنگا علاج ہوتا ہے، اسلام آباد میں پرائیویٹ ہسپتالوں کو قانون کے دائرے میں لایا جائے۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے بتایا اسلام آباد کے پرائیویٹ ہسپتالوں میں علاج بہت مہنگا ہے، کوئی بھی دوا کنٹرولڈ سے زیادہ ریٹ پر نہیں بیچی جا سکتی، ڈرگ انسپکٹر مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے ذمہ دار ہیں۔

وفاقی وزیر انسداد منشیات لیفٹیننٹ جنرل (ر) صلاح الدین ترمذی نے کہا اس وقت ملک میں نشے کے عادی افراد کی تعداد 70 لاکھ کے قریب ہے، نیا سروے کیا جائے گا تو تازہ ترین اعداد و شمار سامنے آ جائیں گے۔ وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمن نے کہا بلوچستان میں 300 کیبل گارڈز کو سیکورٹی ایجنسی کے ذریعے ہایئر کیا گیا، یہ پی ٹی سی ایل کے ملازمین نہیں ہیں۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ایوان کوبتایا گزشتہ پانچ سالمیں ٹی وی لائسنس فیس کی مد میں 27 ارب 72 کروڑ روپے وصول کئے گئے جبکہ پی ٹی وی اشتہارات کی مد میں 16 ارب 64کروڑ روپے کی آمدنی حاصل کی۔ وزیر سیفران نے بتایا فاٹا میں کل 1 ہزار 195 سکول دہشت گردی سے متاثر ہوئے ہیں۔

بعدازاں اجلاس آج صبح دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ اجلاس میں چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین، پریذائیڈنگ و ٹیبل افسران اور ایوان میں سر انجام دینے والے دیگر افسروں اور اہلکاروں کے لباس سے متعلق نیا حکم جاری کر دیا گیا جس کی ایوان نے منظوری دیدی۔

علاوہ ازیں ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر بحث کے دوران چیئرمین رضا ربانی نے حافظ حمد اللہ کو کہا کہ وہ جلد اپنی بات مکمل کر لیں کیونکہ ان کا وقت ختم ہو گیا ہے جس پر انہوں نے برجستہ کہا کہ آپ کے سامنے پاکستانی گھڑی ہے یا امریکن جس پر ایوان میں قہقہے بلند ہوئے۔ چیئرمین سینٹ میں بھی مسکرائے بغیر نہ رہ سکے اور انہوں نے کہا کہ میرے پاس پاکستانی گھڑی ہے۔
Load Next Story