پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیس بک کی سروسز متاثر

ویب سائٹ ڈاؤن ہونے کی وجہ سے لاکھوں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا

فیس بک کی جانب سے ویب سائٹ ڈاؤن ہونے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی ۔ فوٹو : فائل

امریکا، یورپ، آسٹریلیا اور ایشیا کے بعض ممالک میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک کی سروسز متاثر ہونے سے صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ایک ہفتے کے دوران یہ دوسرا موقع ہے جب فیس بک کی ویب سائٹ ڈاؤن ہوئی ہے۔ دنیا بھر میں لاکھوں صارفین ویب سائٹ ڈاؤن ہونے کی وجہ سے اپنے دوستوں اور رشتے داروں سے رابطے نہ کر سکے۔ کمپیوٹر پر فیس بک کی ویب سائٹ اوپن کرنے میں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔


اطلاعات کے مطابق امریکا، برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی صارفین نے فیس بک کی ویب سائٹ نہ کھلنے کی شکایت کی جبکہ بعض صارفین نے بتایا کہ انہیں فیس بک پر کوئی پوسٹ یا تصویر وغیرہ اپ لوڈ کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔



صارفین کو فیس بک کی جانب سے یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ ویب سائٹ پر ضروری کام کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے فی الحال سروسز دستیاب نہیں جبکہ بعض صارفین کو یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ وہ کچھ دیر بعد دوبارہ کوشش کریں۔ اس کے علاوہ تصاویر شیئر کرنے والی ویب سائٹ انسٹاگرام میں بھی صارفین کو تصویریں اپ لوڈ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے کیوں کہ یہ بھی فیس بک کی ملکیت ہے۔ اس سلسلے میں فیس بک کی جانب سے فی الحال کوئی پیغام سامنے نہیں آیا۔
Load Next Story