امیدیں جگا کر ہاکی ٹیم خود غفلت کی نیند سو گئی

برطانیہ نے پاکستان کو4-1سے مات دے کرسیمی فائنل میں رسائی کی کوششوںکو شدیددھچکالگادیا

لندن: پاکستانی ہاکی پلیئر شکیل عباسی گیند چھننے پرمایوس، برطانوی کھلاڑی الیسٹر ولسن آگے بڑھ رہے ہیں (فوٹو ایکسپریس)

لندن اولمپکس میں پاکستانی قوم کی اُمیدیں جگا کر ہاکی ٹیم خود غفلت کی نیند سو گئی، برطانیہ نے4-1 سے مات دے کر سیمی فائنل میں رسائی کی کوششوں کو شدید دھچکا لگا دیا۔گرین شرٹس نے اسپین کیخلاف ابتدائی میچ 1-1سے ڈرا کیا جبکہ ارجنٹائن کو 2-0 سے شکست دے کر کارکردگی میں بہتری کی نوید سنائی تھی

تاہم میزبان سے مقابلے میں پلیئرز بالکل آف کلر دکھائی دیے،برطانیہ نے پاکستان کی نروس دفاعی لائن پاش پاش کرتے ہوئے جیکسن کے پنالٹی کارنر پر 2 جبکہ ٹنڈل اور کلارک کے ایک،ایک گول کے ذریعے فتح حاصل کی، ناکام سائیڈ کا واحد گول کپتان سہیل عباس نے کھیل کے آخری منٹ میں پنالٹی کارنر پر کیا، دونوں ٹیموں کو4،4 پی سی ملے،مہمان ٹیم کے ریحان بٹ اور عبدالحسیم خان نے گول کرنے کے 2 یقینی مواقع گنوائے۔

دوسری جانب کوچ خواجہ جنید اب بھی پُرامید ہیں کہ جنوبی افریقہ کیخلاف فتح اور آسٹریلیا سے ڈرا میچ کی بدولت فائنل فور میں شمولیت ممکن ہے۔ جمعے کے روز ریورسائیڈ اسٹیڈیم انگلش شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا جو اپنی ٹیم کو بھرپور انداز سے سپورٹ کررہے تھے،انگلش بینڈ بھی میزبان ٹیم کی حوصلہ افزائی میں مصروف تھا، اس سے پاکستانی ٹیم ابتدا ہی میں دبائو کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں چوتھے اور 27 ویں منٹ میں گول ہوگئے،


ٹنڈل نے فیلڈ گول کرکے مہمان ٹیم پر سکتہ طاری کردیا،ابھی اس نقصان سے سنبھلنے کا موقع بھی نہ مل پایا تھاکہ کلارک نے دفاع کو چیرتے ہوئے سکون کے ساتھ 27 ویں منٹ میں دوسرا گول کردیا ۔ یوں پہلے ہاف میں برطانوی سائیڈ کو2-0 کی سبقت حاصل رہی،

وقفے کے بعد گرین شرٹس نے بھی جوابی حملے شروع کردیے جس کے نتیجے میں پہلا پنالٹی کارنر ملا،حریف کے فائول پر لگاتار دوسرا اور پھر تیسرا پی سی دیا گیا تاہم گول کیپر فیئر نے کوششوں کو ناکام بنادیا، چھٹے منٹ میں ریحان بٹ اوپن چانس پر گیند کو جال تک پہنچانے میں ناکام رہے،3منٹ بعد حسیم خان بھی راشد کے کراس سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور گیند ان کی اسٹک سے ٹکراکر باہر چلی گئی۔ کچھ دیر بعد برطانیہ کے جوابی حملے میں گول کیپر عمران شاہ نے ٹیم کو مزید نقصان سے بچایا۔ 46 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو روکتے ہوئے محمد عرفان زخمی ہوگئے۔

50 ویں منٹ میں ملنے والے پی سی پرایشلے جیکسن نے اپنی ٹیم کا تیسرا گول کردیا۔ اگلے منٹ میں جیکسن کی انفرادی کوشش کو عمران شاہ نے ناکام بنایا۔ پاکستان پر دبائو دوبارہ بڑھنے کے نتیجے میں میزبان ٹیم کو 61 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر ملا جس پر جیکسن نے اسکوپ کرکے اسکور 4-0 کردیا، آخری دو منٹ میں پاکستان کو جوابی حملوں کے نتیجے میں چوتھا پنالٹی کارنر ملا جس پر سہیل عباس نے گول کردیا۔ بعد ازاں کوچ خواجہ محمد جنید نے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت میں اعتراف کیا کہ ابتدا میں 2 گول کے خسارے میں جانے سے ٹیم دبائو کا شکار ہوگئی،

مقابلہ برابر کرنے کی جدوجہد میں پلیئرز دبائو میں رہے اور مزید دو گول ہوگئے۔ انھوں نے کہا کہ شکست کے باوجود ہم نے ہمت نہیں ہاری اور یقیناً کم بیک کرینگے، جنوبی افریقہ کو شکست اور پھر آسٹریلیا سے ڈرا کی صورت میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
Load Next Story