مکہ میں کسوہ عجائب گھر اسلامی تاریخی نوادرات کا بڑا مرکز

خانہ کعبہ،مسجد نبویؐ کی کئی سوسال کی تاریخ نوادرات کی شکل میں محفوظ ہے

سلطنت عثمانیہ دورکاقفل کعبہ وچابی،ہجری سال سے قبل کاشمسی گھڑیال اہم ہیں۔ فوٹو : ںیٹ

حج اسلام کا بنیادی رکن اوراس کی ادائیگی ہر مسلمان کی دلی خواہش ہوتی ہے، ایسے میں سعودی فرمانرواکے پروگرام کے تحت ان کا مہمان بن کرحج پر آنا یقیناً بڑی سعادت ہے۔

''برنامج ضیوف خادم الحرمین الشریفین'' کے تحت اس بار دنیا بھر کے 60 ممالک سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو حج کیلیے مدعوکیا گیا ہے۔ پروگرام کے تحت حج کیلیے آئے عازمین کو گزشتہ روز مکہ مکرمہ میں جدہ روڈ پر واقع قدیمی کسوہ کعبہ عجائب گھر کا دورہ کرایا گیا، یہاں بھی حسب روایت گاڑیوں جن کے چاروں اطراف جلی حروف سے ''برنامج ضیوف خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزالسعود'' تحریرہے سے اترتے ہی روایتی عرب لباس میں ملبوس نوجوانوں نے خوشنما صراحیوں سے آب زم زم پیش کیا۔


استقبالیہ پر تمام مہمانوں کوعجوہ کھجوریں پیش کی گئیں جن کے ذائقے کا کوئی مقابلہ نہیں، میوزیم کے اندرگئے توپتہ چلاکہ یہاں توخانہ کعبہ اورمسجد نبویؐ کی کئی سو سال کی تاریخ نوادرات کی شکل میں موجود ہے، ہمیں خانہ کعبہ کاحصہ رہنے والی کئی سوسال پرانی نایاب چیزوںکی زیارت نصیب ہوئی۔

سب سے پہلے ہمیں 1299 ہجری میں آب زم زم کے کنویں کے اوپروالے حصے کا لوہے کا خول دکھایا گیا جو چرخی کی مددسے ڈول کے ذریعے پانی نکالنے کیلیے استعمال ہوتا تھا۔اس کے بعدہجری سال کے اجرا سے قبل نمازوں کے اوقات کے تعین کیلیے پتھر پر بنایا گیا شمسی گھڑیال جوسورج کی شعاعوںکے سفرسے وقت کا تعین کرتا تھا بھی ہماری خصوصی توجہ کامرکز تھا، 1309 ہجری میں عثمانی سلطان عبدالحمیدثانی کے دورمیں بنائے گئے خانہ کعبہ کے دروازے کاقفل اورچابی بھی میوزیم میں رکھی ہے جس کے ساتھ اس کی تنصیب کے وقت کی تصویربھی تھی۔

عبداللہ ابن زبیر کے دور کا 65 ہجری کا خانہ کعبہ کاستون بھی میوزیم میں رکھاہے جوزائرین کی توجہ کا مرکز تھا، 1240ہجری میں بنایاسیڑھی نما منبر، خانہ کعبہ کے دروازے، مسجد نبویؐ کے مینارومحراب، مقام ابراہیم کا کور اور دیگرنوادرات بھی دنیابھرسے آنے والے زائرین کی توجہ کامرکزہیں، عجائب گھرکے دورے سے ہمیں خانہ کعبہ اور مسجد نبویؐ کی تاریخ کا تو پتہ چلاہی لیکن حرم شریف میں اس وقت موجود سہولتوں کا ماضی سے تقابل کرنے کا بھی موقع ملا اور پتہ چلا کہ حرم شریف میں کتنی توسیع ہوچکی ہے، ماضی کے حجاج اورعمرہ کرنے والوں کے مقابلے میں اب عمرہ اورحج کرنے والوں کو کتنی سہولتیں اور آسانیاں میسر ہیں۔
Load Next Story