پولیس اور پٹواریوں کے ذریعے نہیں عوامی طاقت سے آئندہ الیکشن جیتیں گے وزیر اعظم

پیپلزپارٹی خون دینے والوں کی جماعت ہے چوری کھانے والوں کی نہیں، پرویز اشرف سے پرویز الٰہی کی ملاقات

پیپلزپارٹی خون دینے والوں کی جماعت ہے چوری کھانے والوں کی نہیں، پرویز اشرف سے پرویز الٰہی کی ملاقات۔ فائل فوٹو

KARACHI:
وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پارٹی کارکن متحد ہوکر آنیوالے انتخابات کی بھرپور تیاری کریں، پیپلزپارٹی عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور عوا م ہی ہماری طاقت ہیں ، غیرجانبدار اور شفاف انتخابات کے ذریعے پیپلزپارٹی ایک بار پھر ملک بھر میں واضح اکثریت حاصل کرے گی، پولیس اور پٹواریوں کے ذریعے الیکشن نہیں جیتا جائیگا۔

پیپلزپارٹی اور اتحادیوں نے مشکل حالات میں ملک و قوم کی خدمت کی ہے، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ کسی ایک فرد کا نہیں پوری قوم کا مسئلہ ہے ،ہم بجلی کے مسئلہ پر جلد ہی قابو پالیں گے اور آئندہ چند روز میں لوڈ شیڈنگ میں کافی حد تک کمی ہو جائیگی ۔ وہ گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء آصف ہا شمی سے انکی رہائشگاہ پر ملاقات کے بعد لاہور تنظیم اور این اے 118 کے پارٹی کارکنوںسے خطاب کر رہے تھے، وزیراعظم نے کہا کہ میں پارٹی کارکن ہوں اور مجھے پارٹی ورکر ہونے پر فخر ہے، میں نے پارٹی جلسوں میں کرسیا ں اور اشتہار لگانے سمیت پارٹی کی ہر سطح پر کام کیا ہے ،میں شہید بھٹو کا سپاہی اور شہید بی بی کا بھائی ہوں ،پارٹی ورکر ز ہماری پہچان ہیں۔


انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو جب اقتدار ملا تو ملکی حالات انتہائی افسوسناک تھے ملک میں آٹا تک نہیں تھا۔ ہم نے جہاں بیروز گار افراد کو روزگار فراہم کیا وہاں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں بھی اضافہ کیا ، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی خون دینے والوں کی جماعت ہے چُوری کھانے والوں کی نہیں ۔عوامی خدمت کے جھوٹے نعرے لگانے والے اصل میں عوام کے دشمن ہیں، ہندوستان میں کرڑوں افراد بجلی کی سہولت سے محروم ہیں لیکن پھر بھی حکومت کیساتھ ہیں ،شکست خودرہ عناصر میڈیا کے ذریعے پارٹی کیخلاف جھوٹا پراپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیںملتان کا انتخاب ثبوت ہے کہ پیپلزپاٹی آج بھی عوام میں مقبول جماعت ہے، اس موقع پر گورنر پنجاب لطیف کھوسہ، پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر امتیاز صفدر وڑائچ ،وزیر اعظم کے معاون خصوصی چوہدری اسلم گل سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

اے پی پی کے مطابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے جمعہ کے روز گورنر ہائوس لاہور میں نائب وزیر اعظم و مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال' باہمی دلچسپی کے امور اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی اور مفاہمت کی پالیسی کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی مفاہمت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے' پی پی پی کے مسلم لیگ (ق) کے ساتھ بہترین روابط ہیں اور وہ ان تعلقات کو بے پناہ اہمیت دیتی ہے۔

نائب وزیر اعظم چوہدری پرویز الٰہی ہماری حکومت کے اہم اتحادی ہیںجبکہ چوہدری شجاعت حسین کی دور اندیش اور مدبرانہ سیاست سے ہم بھرپور استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔ بہاولپور سے تعلق رکھنے والے پی پی رکن صوبائی اسمبلی شاہ رخ ملک اور پاکستان پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر بدر الدین چوہدری نے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ ممبر صوبائی اسمبلی شاہ رخ ملک نے وزیر اعظم کو بہاولپور کے علاقائی مسائل سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے کہا کہ وہ رمضان کے فوراً بعد بہاولپور کا دورہ بھی کرینگے۔
Load Next Story