بھارتی کرکٹر نے بیچ سڑک پر بزرگ شہری کو تشدد کا نشانہ بناڈالا

بزرگ شہری نے امباتی کو گاڑی آہستہ لانے کا مشورہ دیا تووہ اس پر بھڑک اٹھے

بھارتی شہری نے کرکٹر کو کار آہستہ چلانے کا مشورہ دیا جس پر وہ بھڑک گئے؛فوٹوفائل

بھارتی کرکٹر امباتی رائیڈو نے بھارتی شہر حیدر آباد میں سڑک کے بیچوں بیچ بزرگ شہری کو مار مار کر حالت خراب کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امباتی اپنی کار میں تیزرفتاری کے ساتھ حیدرآباد میں واقع راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ جارہے تھےاور اسی وقت مارننگ واک پر نکلے شہری بھی سڑکوں پرچہل قدمی کررہے تھے، تاہم کرکٹر کی تیز رفتاری دیکھ کر سڑک پر موجود ایک شہری سے رہا نہ گیا اور انہوں نے امباتی کی کار کو رکنے کا اشارہ کیا۔


کاررکنے کے بعد شہری نے امباتی کو کار آہستہ چلانے کا مشورہ دیا ، اس شہری کا مقصد انہیں پریشان کرنا نہیں تھا بلکہ انہوں نے یہ مشورہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے دیا تھا لیکن امباتی کو بزرگ شہری کا مشورہ زیادہ پسند نہیں آیا اور انہوں نے غصے میں کار سے اتر کر پہلے تو اس بیچارے پر چلانا شروع کردیا بعد ازاں اس کی اتنی درگت بنائی کہ وہاں موجود لوگوں کو امباتی سے اس شخص کو چھڑانا مشکل ہوگیا۔



اس تمام واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعدکرکٹر امباتی رائیڈو کو لوگوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے تاہم ابھی تک ان کی جانب سے اپنے کیے پر شرمندگی کا اظہار کرنے اور بزرگ شہری سے معافی طلب کرنے کی کوئی اطلاع منظر عام پر نہیں آئی۔
Load Next Story