ملک بھر میں عید الاضحیٰ کا پہلا روز مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا

ایکسپریس نیوز اپنے ناظرین و قارئین کو بڑی عید کی بڑی خوشیوں کی مبارک باد پیش کرتا ہے

نماز عید کی ادائیگی کے بعد مسلمانوں نے سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی۔ فوٹو: فائل

ملک بھر میں عید الاضحیٰ کا پہلا روز مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، عید کے اس پرمسرت موقع پر ایکسپریس نیوز بھی اپنے قارئین و ناظرین کو بڑی عید کی بڑی خوشیوں کی مبارک باد پیش کرتا ہے۔

دنیا کے مختلف ممالک کی طرح پاکستان میں بھی عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ مساجد اور عید گاہوں میں ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں امت مسلمہ کی سربلندی و اتحاد، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کی آزادی اور پاکستان کی امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ علمائے کرام نے فلسفہ قربانی اور سنت ابراہیمیؓ پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ عیدالاضحیٰ اپنی ہر دل عزیز شے کو اللہ کی رضا کے حصول کے لیے قربان کرنے کا درس دیتی ہے۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد شہریوں نے گلے مل کر ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد دی اور جانوروں کی قربانی کا سلسلہ شروع ہوا جو تین روز تک جاری رہے گا۔ لوگ سنت ابراہیمی کی پیروی میں اپنے جانور قربان کررہے ہیں جنہیں انہوں نے کئی روز تک بہت پیار اور محبت سے پالا اور کھلایا پلایا۔


عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور سیکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری مساجد اور عیدگاہوں کے باہر تعینات رہی۔ کراچی کے سوا کسی اور جگہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، جہاں ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن پر قاتلانہ حملہ ہوا۔ وفاقی دارالحکومت میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں جبکہ لاہور میں بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا۔ کراچی میں بھی عید قرباں کے سیکڑوں چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ نماز کے بعد بڑی تعداد میں لوگوں نے قبرستانوں کا بھی رخ کیا اور اپنے عزیزوں کو ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

دوسری جانب سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک، امریکا، برطانیہ، فرانس، چین، آسٹریلیا، افغانستان، انڈونیشیا، عراق، مصر اور مشرق بعید میں کروڑوں مسلمانوں نے جمعہ کے روز عید الاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی۔

Load Next Story