مقبوضہ کشمیر میں عید کے روز بھی بھارتی فوج کے مظالم کشمیری نوجوان شہید

کٹھ پتلی انتظامیہ نے کشمیر کی تمام حریت قیادت کو نماز عید کی ادائیگی سے روکتے ہوئے نظر بند کردیا

قابض فوج نے یاسین ملک کو دفتر سے گرفتار کرکے سنٹرل جیل منتقل کردیا ۔ فوٹو فائل

مقبوضہ کشمیر میں عید کے روز بھی بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیری نوجوان کو شہید کردیا جب کہ بھارتی پولیس قافلے پر حملے میں ایک اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

مقبوضہ کشمیر میں سری نگر، سوپور، بانڈی پورا، اننت ناگ، شوپیاں، کلگام اور دیگر علاقوں میں نماز عید کے بعد سیکڑوں نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور بھارتی قبضے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ''لے کے رہیں گے آزادی'' اور ''بھارت مردہ باد'' کے نعرے لگاتے ہوئے پاکستانی پرچم لہرائے، قابض افواج نے کشمیری نوجوانوں پر پیلٹ گنز سے فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ احتجاج کو کچلنے کے لیے قابض افواج نے وادی میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی بند کردی۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے مزید 6 کشمیریوں کو شہید کردیا

دوسری جانب کلگام کے علاقے تانترے پورا میں بھارتی فوج نے آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے نوجوان کو شہید کردیا جس کی شناخت اشفاق احمد کے نام سے ہوئی۔ ادھر سری نگر جموں شاہراہ پر عسکریت پسندوں نے بھارتی پولیس قافلے پر گھات لگاکر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔


یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کے ساتھی سمیت 11 کشمیری شہید

دریں اثنا کٹھ پتلی انتظامیہ نے کشمیر کی تمام حریت قیادت کو نماز عید کی ادائیگی سے روکتے ہوئے نظر بند کردیا۔ حریت رہنما اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیرمین یاسین ملک کو دفتر سے گرفتار کرکے سنٹرل جیل منتقل کردیا گیا جب کہ کشمیری خواتین کی تنظیم دختران ملت کی علیل سربراہ آسیہ اندرابی کو بھی اسپتال سے گرفتار کرکے جموں جیل میں قید کردیا گیا۔ بھارتی حکومت نے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کو اس بار بھی نماز عید کی ادائیگی کی اجازت نہ دیتے ہوئے گھر میں نظربند رکھا، علی گیلانی کی یہ 17ویں عید ہے جو قید میں گزری ہے۔

قابض افواج نے بنیادی انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کرتے ہوئے مسرت عالم بٹ، میرواعظ عمر فاروق، شبیر احمد شاہ، محمد اشرف صحرائی، فمہیدہ صوفی کو بھی نظربند کرتے ہوئے عید اجتماعات میں شرکت سے روک دیا۔

Load Next Story