افغان کرکٹ لیگ عبدالرزاق کل کابل جائیں گے 

افغانستان حکومت کی طرف سے ہمیں مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، عبد الرزاق

افغانستان حکومت کی طرف سے ہمیں مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، عبد الرزاق . فوٹو : فائل

شاہد آفریدی کے بعد ٹیسٹ کرکٹرعبدالرزاق نے بھی افغان کرکٹ لیگ سے معاہدہ کرلیا، آل راؤنڈر ایک لاکھ امریکی ڈالرکی سیکیورٹی ضمانت پر11 ستمبر سے شیڈول لیگ کا حصہ بننے کے لیے جمعرات کوکابل جائیں گے۔


ذرائع کے مطابق عبدالرزاق افغان لیگ کی ٹیم آمو شارک کی نمائندگی کریں گے، اس سے قبل ممتاز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے بھی ٹوئٹر پر اعلان کیا تھا کہ وہ افغان لیگ میں حصہ لیں گے، ذرائع کے مطابق پی سی بی قومی کرکٹرز کی افغان کرکٹ لیگ میں نمائندگی سے خوش نہیں ہے، شاہد آفریدی انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ چکے ہیں جب کہ عبدالرزاق کا بھی قومی ٹیم میں واپسی کا کوئی امکان نہیں، اس لیے بورڈ حکام نے دونوں کرکٹرز پرچپ سادھ لی ہے۔

یاد رہے کہ پی سی بی اور افغان بورڈ کے درمیان افغانستان کی جانب سے پاکستان میں میچ کھیلنے سے انکارکے بعد سے تعلقات کشیدہ ہیں۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ افغان کرکٹ لیگ کے تمام میچزکابل میں ہوں گے جب کہ لیگ کا آغاز 11ستمبرسے ہوگا، اس حوالے سے عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ افغان کرکٹ لیگ کا انعقاد خوش آئند ہے، لیگ کے کامیاب انعقاد سے نہ صرف افغانستان بالخصوص خطے میں کرکٹ کے کھیل کو فروغ ملے گا بلکہ کرکٹرز کو بھی اپنے کھیل میں نکھار لانے کے مواقع میسر آئیں گے۔''ایکسپریس'' سے خصوصی بات چیت میں انہوں نے کہاکہ افغانستان حکومت کی طرف سے ہمیں مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
Load Next Story