وکلا بینچ تنازع صدر ملتان ہائیکورٹ بار نے غیر مشروط معافی مانگ لی

جج سے کوئی بدتمیزی نہیں کی نہ ہی تختی اکھاڑی، شیر زمان قریشی کا موقف

ملتان ہائی کورٹ بار کے صدر شیر زمان قریشی نے مبینہ طور پر فاضل جج سے بدتمیزی کی تھی فوٹو: فائل

ہائی کورٹ ملتان بینچ کے فاضل جج سے بدتمیزی سے متعلق نوٹس پر صدر ملتان ہائی کورٹ بار شیر زمان قریشی نے غیر مشروط معافی مانگ لی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ملتان میں وکلا کی ہائیکورٹ کے سینئیر جج کے ساتھ بدتمیزی کیس کی سماعت ہوئی۔ صدر ملتان ہائی کورٹ بار شیر زمان صدیقی نے پیش ہوکر غیر مشروط معافی نامہ جمع کرادیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جج سے کوئی بدتمیزی نہیں کی نہ ہی تختی اکھاڑی۔


سینئیر وکیل کی جانب سے معافی نامے پر چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ واقعہ سے مجھے انتہائی دکھ ہوا آپ یہ بیان لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوکر دیتے تو اچھا تھا۔ کیس کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی گئی۔

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ میں سماعت کے دوران ملتان ہائی کورٹ بار کے صدر شیر زمان قریشی نے مبینہ طور پر جج سے بدتمیزی کی تھی جس کے بعد لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے واقعے کا نوٹس لیا تھا۔ لاہور میں کیس کی سماعت کے دوران بھی وکلا نے عدالت عالیہ کی عمارت کا گیٹ توڑ دیا تھا۔
Load Next Story