بھارتی فوج کشمیریوں پر قیامت بن کر ٹوٹ پڑی بد ترین تشدد میر واعظ پھر نظر بند

کریم آباد اور راجپورہ کو محاصرے میں لیا گیا، نوجوانوں کومنتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ، شدیدہوائی فائرنگ کی

صدرہائی کورٹ بار میاںعبدالقیوم سے7گھنٹے تفتیش، کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبایا نہیں جاسکتا، حریت کانفرنس۔ فوٹو اے پی پی

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ کے علاقوں کریم آباد اور راجپورہ میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائی کے دوران نوجوانوں کو سخت زد وکوب کیا اور مکانوں ، دکانوں اور گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی.

بھارتی فوجیوں، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور اسپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے رات 9بجے کے قریب کریم آباد اور راجپورہ کو محاصرے میں لیا جس کیخلاف نوجوان احتجاج کیلیے سڑکوں پر آگئے۔ قابض اہلکاروں نے نوجوانوں کو منتشر کرنے کیلیے آنسو گیس کی شدیدشیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی، مظاہرین اور قابض اہلکاروں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا، اس دوران قابض اہلکاروں نے گھروں میں گھس کر نوجوانوں کو سخت مار پیٹ کا نشانہ بنایاجبکہ گھریوں اشیا، دکانوں اور گاڑیوں کی بھی توڑ پھوڑکی۔


دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی طرف سے افراد کو بے بنیاد مقدمات میں ملوث کرنے کی کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے،کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے بیان میں کہاکہ این آئی اے کی طرف سے حریت رہنماؤں، شبیر احمد شاہ، ایاز محمد اکبر، الطاف احمد شاہ، پیر سیف اللہ، نور محمد کلوال، راجا معراج الدین کلوال، نعیم احمد خان، ، فاروق احمد ڈار، شاہد الاسلام، ظہور احمد وٹالی، جاوید احمد بٹ اور کامران یوسف کی گرفتاری جبکہ ڈاکٹر نعیم گیلانی، ڈاکٹر نسیم گیلانی اور ایڈوکیٹ میاں عبدالقیوم کومخصوص عدالت میں پیش ہونے کے سمن جاری کرنے کی کارروائی کالے قانون آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ کے نفاذ سے بھی زیادہ سنگین اقدام ہے۔

دوسری جانب کٹھ پتلی انتظامیہ نے حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کو سرینگر میں گھر میں نظر بند کردیا ہے، حریت رہنما اور جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ شہید مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں غلام نبی سمجھی اور آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی اسلام آباد اور بڈگام میں رہائش گاہوں پر چھاپے مارے ،ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالقیوم سے 7گھنٹے تک تفتیش کی، این آئی اے نے میاں عبدالقیوم کو ان کیخلاف درج کیے گئے جھوٹے مقدمے کی تفتیش کیلیے نئی دہلی میں تحقیقاتی ادارے کے ہیڈ کوارٹرز میں طلب کیاتھا۔

علاوہ ازیں سرینگر میں گرینیڈ حملے میں 14 افراد زخمی ہوگئے،جبکہ ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سرینگرکے جہانگیر چوک میں گرینیڈ حملے کا نشانہ قابض بھارتی سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی تھی۔
Load Next Story